وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی وزارت آبی وسائل کو پانی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ وضع کرنے کی ہدایت

ملک میں پانی کی دستیابی درجہ حرارت میں اضافہ ،پہاڑوں پر گلیشیرز پگھلنے کیساتھ بتدریج بہتر ہو رہی ہے، بریفنگ

منگل 12 جون 2018 19:50

وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی وزارت آبی وسائل کو پانی سے متعلق مسائل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے وزارت آبی وسائل کو ملک کے پانی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبی وسیلہ کے انتظام کا مستعد نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔وہ منگل کو آبی وسائل بارے بریفنگ کی صدارت کررہے تھے ۔ بریفنگ میں وزیر آبی وسائل بیرسٹر علی ظفر، وزیراعظم کے سیکرٹری سہیل عامر، سیکرٹری آبی وسائل شمائل احمد خواجہ، چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن احمد کمال اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری آبی وسائل نے آبی وسیلہ کی دستیابی، اس کے استعمال اور زیر زمین آبی وسائل کے مؤثر انتظام پر اثر انداز ہونے والے مختلف مسائل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو کلیدی پالیسی مقاصد اور تزویراتی ترجیحات کے بارے میں آگاہ کیا جنہیں قومی آبی پالیسی 2018ء میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں پانی کی دستیابی درجہ حرارت میں اضافہ اور پہاڑوں پر گلیشیرز پگھلنے کیساتھ بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے پہلی قومی آبی پالیسی کی تشکیل اور آئندہ کیلئے تزویراتی ترجیحات کے تعین کو سراہتے ہوئے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ آبی وسیلہ کے انتظام کا مستعد نظام قائم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور پانی کے تحفظ کے مستعد طریقوں کو بروئے کار لانا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے وزارت آبی وسائل کو ملک کے پانی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔