Live Updates

25 جولائی کو استحکام پاکستان کے حامیوں اور بھارت کے یاروں کے درمیان ریفرنڈم ہوگا ،بیرسٹر سلطان

منگل 12 جون 2018 20:35

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو استحکام پاکستان کے حامیوں اور بھارت کے یاروں کے درمیان ریفرنڈم ہوگا کیونکہ نواز شریف نے مودی اور جندال کے ساتھ ملکر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر رہا تھا جب بھارت کشن گنگا ڈیم اور راٹل ڈیم بنا رہا تھا تو نواز شریف نے چپ سادھے رکھی۔

اسی طرح نواز شریف نے جندال کے ساتھ سازش کرکے عالمی عدالت سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزا کو عالمی عدالت انصاف سے رکوایا۔اسی طرح ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیانیے سے بھی پاکستان کو نقصان پہنچا۔اب عوام خود یہ فیصلہ کریں کہ وہ ان انتخابات میں بھارت نواز ن لیگ کو ووٹ دیں گے یا پاکستان کے لئے کھڑے ہونے والے عمران خان کو ووٹ دیکر کامیاب کریں گے۔

(جاری ہے)

لہذا میں نارووال کے کشمیریوں سے کہوں گا کہ وہ ہجرت کرکے یہاں آئے اورآپ لوگ ہم سے زیادہ پاکستانی ہیں کیونکہ آپ اپنی مرضی سے بھارت کا تسلط چھوڑ کر پاکستان آئے۔ لہذا اب یہاں پر مقیم کشمیری پی ٹی آئی کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور ابرار الحق جو کہ عمران خان کے دست راست بلکہ آئندہ انتخاب جیت کر عمران خان کا دائیاں بازو بن کر مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے کوششیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں ناروووال میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک افطار ڈنر کے موقع پر جلسہ سے خطاب کر رتے ہوئے کیا۔اس موقع پر افطار ڈنر سے نارووال سے پی ٹی آئی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی و مشہور فنکار ابرارالحق، پی ٹی آئی کے امیدوار ان برائے صوبائی اسمبلی سجاد میسی، عارف خان، آزاد کشمیر اسمبلی کے سابق رکن چوہدری مقبول احمد اور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب لاہور سے نارووال پہنچے تو انہیں سہارا میڈیکل کالج سے جلسہ گاہ تک ایک بہت بڑے جلوس کی صورت میں جلسہ گاہ تک لایا گیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج میں بڑے مان کے ساتھ نارووال کے عوام کے پاس آیا ہوں کہ وہ ابرارالحق کو ووٹ دیکر کامیاب کریں کیونکہ ابرار الحق نے ختم نبوت کے سلسلے میں بڑا اہم رول ادا کرنا ہے اور ختم نبوت کے پرچم کو سربلند کرنا ہے اور اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

لہذا یہاں پر مقیم کشمیری ابرارالحق کو کامیاب کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اسی طرح پی ٹی آئی کے دونوں صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کوبھی یہاں سے کامیاب کرائیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 1947 ء اور 1965ء میں کشمیری یہاں ہجرت کرکے آئے اور سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ میں لاکھوں کشمیری آباد ہیں۔یہاں آزاد کشمیر اسمبلی کی بھی چار نشستیں ہیں۔

اگر یہ کشمیر ی میری درخواست پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیں تو پی ٹی آئی دس سے بارہ نشستیں قومی اسمبلی کی یہاں سے جیت سکتی ہے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے نارووال سے قومی اسمبلی کی نشست کے لئے امیدوار ابرارالحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم مقبوضہ کشمیر میں مظالم و بربریت دیکھتے ہیں تو ہمیں انتہائی دکھ اور تکلیف ہوتی ہے۔ابرارالحق نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لئے عالمی سطح پر کی جانی والی کوششوں کو سرہا اور کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے بارے میں مجھے عمران خان اور چوہدری شجاعت حسین دونوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری وہ واحد لیڈر ہیں جن پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔

اس موقع پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے لئے امیدواران سجاد میسی اور عارف خان نے اپنے خطاب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا انکی انتخابی مہم چلانے کے لئے نارووال آمد پر شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات