غریب عوام پہلے ہی کچلے جا رہے ہیں، مزید بوجھ نا قابل برداشت ہے ۔سردار حسین بابک

منگل 12 جون 2018 20:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نگران حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافے سے گریز کرے ،۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے حلقہ پی کے 22بونیر میں اپنی انتخابی مہم کے دوران موضع ڈاگئی یو سی ڈاگئی طوطالئی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ضلعی صدر محمد کریم بابک ، تحصیل صدر فاروق علی خان اور یو سی صدر ہاشم علی خان نے بھی خطاب کیا ، سردار حسین بابک نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتون میں اضافہ قابل افسوس اور ناقابل برداشت ہے ، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس طوفان میں غریب عوام پہلے ہی کچلے جا رہے ہیں اور اب وہ مزید بوجھ برداشت کے نے کے قابل نہیں ہیں ،انہوں نے کہا کہ ایک جانب ماہ صیام میں شدید ترین گرمی میں بجلی کی ناروا اور خود ساختہ لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے جبکہ دوسری طرف بابرکت مہینے میں مہنگائی اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے جلتی پر تیل کام کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت قیمتوں میں اضافہ واپس لے ورنہ عوام احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پانچ سالہ بدترین حکومت نے غریب عوام کو کہیں کا نہیں چھوڑا بے روزگاری اپنی انتہا کو ہے جبکہ ٹیکسوں کی بھرمار سے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے ،عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے کاروبار اور روزگار تباہ ہو چکے ہیں جبکہ تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج پر قابو پائے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگران حکومت اور پیسکو مل کر اوور لوڈ فیڈرز اور ورکشاپس کے ضروری اور فوری نوعیت کے مسائل حل کریں ،سردار بابک نے کہا کہ عوام کو اذیت اور تکالیف سے بچانے کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامت کی اشد ضرورت ہے۔