Live Updates

حکومت جاپان کے تعاون سے مردان میں خواتین کے لیے عیدالفطر کے بعدسکورا بس سروس(پنک بس سروس) کا اجراء کیا جارہاہے،ڈپٹی کمشنر عثمان محسود

منگل 12 جون 2018 20:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے کہا ہے کہ حکومت جاپان کے تعاون سے مردان شہر میں خواتین کے لیے بہتر اور محفوظ سفری سہولت کی فراہمی کے لیے عیدالفطر کے بعدسکورا بس سروس(پنک بس سروس) کا اجراء کیا جارہاہے جس کے لیے سات بسیں پہلے ہی حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ اس پراجیکٹ کے لیے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ ماس ٹرانزٹ، یو این ویمن اور یواین اوچا بھی تکنیکی مدد فراہم کررہے ہیں۔

وہ ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں پنک بس سروس کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔محمد عثمان محسود نے کہا مردان صوبے کا دوسرا اور نہایت اہم شہر ہے جہاں ایک سروے کے مطابق خواتین کی بڑی تعداد (64) فیصد روزانہ دفاتر ، تعلیمی اداروں اور دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتی ہیںاور اس دوران ان کو کئی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے چنانچہ ان خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ میں درپیش مشکلات کے نجات دلانے کے لیے خواتین کو اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے یہ سکورا خواتین بس سروس کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے لیے صوبہ خیبر پختونخوا کا ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ اورحکومت جاپان کا تعاون حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مردان نے کہا کہ یہ پروجیکٹ خواتین کو محفوظ تر سستی سفری سہولیات مہیا کرکے سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ یہ پراجیکٹ خواتین کو ہراساں کئے جانے کے خوف کے بغیر ان کے دفاتر ، سکولوں اور کالجوں تک آنے جانے میں مدد کرے گا۔ اس کے ساتھ یہ خواتین کیلئے مثبت تبدیلی کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے اور انشاء اللہ ہم جلد ہی ایک ایسا معاشرہ بنانے میں کامیاب ہوں گے جہاں مرد اور خواتین دونوں آزادی سے خوش و خرم رہ سکیں گے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک سروے کے بعد سروس کے لیے عبدالولی خان یونیورسٹی ، طورو سی این جی ، نوشہرہ روڈ، کالج چوک ، اڈہ چوک ،مقام چوک اور بغدادہ چوک کا روٹ طے کیا گیا ہے اور اس روٹ پر ویٹنگ ایریا ز بھی بنائے گئے ہیں ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ ظہیرالدین بابر، اسسٹنٹ کمشنر مردان عمران خان ،اے سی تخت بھائی رحمت وزیر ، جملہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنران ضلع مردان ، سید واجد علی شاہ ہیڈ آف سب آفس یو این ویمن اور دیگر بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات