ڈالر کی قیمت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ملکی معیشت کی تباہی کا موجب بنے گا ، شاہین احسان مغل

منگل 12 جون 2018 20:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) ڈالر کی قیمت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ملکی معیشت کی تباہی کا موجب بنے گا سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ڈالر 122 روپے تک جا پہنچا ہے جس نے ملکی معیشت کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں اور یہ اضافہ قوم کو مزید مقروض کرنے کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان سمال ٹریڈرز بونس فورم کے مرکزی وائس چیئرمین شاہین احسان مغل نے کیا انہوں نے کہا کہ یہ اضافہ عوام کو زندہ در گو کرنے کے مترادف ہے دوسری طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے شاہین احسان مغل نے کہا کہ حکومت معاشی پالیسیاں بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے سابقہ حکومت نے اسحاق ڈار جیسے شخص کو وزیر خزانہ بناکر ملکی معیشت کے بیڑہ غرق ہونے کی بنیاد رکھی جس کا خمیازہ ابھی قوم کو مزید بھگتنا ہوگا شاہین احسان مغل نے کہا کہ اس وقت نگران حکومت کیلئے مہنگائی کے جن کو کنٹرول کرنا مشکل ہوگا ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حکومت فوری طور پر مہنگائی کو کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف دے اور بے جا اخراجات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔