چوہدری نثار کے الیکشن لڑنے پر سوالیہ نشان لگ گیا

این اے 59 سے چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی چیلنج

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 12 جون 2018 19:47

چوہدری نثار کے الیکشن لڑنے پر سوالیہ نشان لگ گیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12 جون 2018ء) چوہدری نثار کے الیکشن لڑنے پر سوالیہ نشان لگ گیا۔شہری کی جانب سے این اے 59 سے چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی چیلنج کر دئیے گئے،ریٹرننگ افسر نے سابق وزیر داخلہ کو 14 جون کو طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار آجکل قومی میڈیا کی خبروں کی بنے ہوئے جس کی سب سے بڑی وجہ الیکشن کا قریب تر ہونا، مسلم لیگ ن کی قیادت سے سابق وزیر داخلہ کے کشادہ تعلقات اور چوہدری نثار کو ٹکٹ ملنے یا نہ ملنے کے معاملات ہیں۔

ایسے میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارکے بہت سے بیانات میڈیا کی زینت بن رہے ہیں،جس میں وہ کھل کر پارٹی قیادت کی مخالفت کرتے نظر آتے ہیں۔جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب سے قریب تر آرہا ہے ،چوہدری نثار کے لیے مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چوہدری نثار ایک اور بڑی مشکل میں پھنس چکے ہیں ۔ٹکٹ کا معاملہ تو اب پرانا ہو چکا پے،چوہدری نثار الیکشن بھی لڑپائیں گے یا نہیں ،اس پر بھی سوالیہ نشان کھڑا ہو چکا ہے۔

حلقہ این اے 59 سے چودھری نثار کے کاغذات نامزدگی چیلنج کردیے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے سابق وزیر داخلہ کو 14 جون کو طلب کرلیا۔قومی اسمبلی کے حلقہ 59 سے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض شہری شاہداورکزئی کی جانب سے دائر کیا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چودھری نثار رکن پارلیمنٹ بننے کے اہل نہیں کیونکہ وہ سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث رہے ہیں۔ اعتراض سامنے آنے پر حلقہ کے ریٹرننگ افسر نے چودھری نثار اور اعتراض کنندہ کو 14 جون کو طلب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ چودھری نثار جنرل الیکشن 2018 میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں اور انہوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں