Live Updates

پی پی کی سندھ میں دس سالہ حکومت تاریخ کی ناکام اور نااہل ترین حکومت ثابت ہوئی ہے، خرم شیر زمان

زرداری کی پیپلزپارٹی نے سندھ میں اپنی سیاست کا جنازہ خود نکال دیا ہے، کارنر میٹنگ سے خطاب

منگل 12 جون 2018 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پی پی کی سندھ میں دس سالہ حکومت تاریخ کی ناکام اور نااہل ترین حکومت ثابت ہوئی ہے، زرداری کی پیپلزپارٹی نے سندھ میں اپنی سیاست کا جنازہ خود نکال دیا ہے ،پیو پلاؤ پارٹی نے سندھ میں برسراقتدار آنے کا راستہ خود ہی بند کردیا ہے انشائ اللہ 2018 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی۔

وہ کراچی کے حلقہ پی ایس ایک سو بارہ میں انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے دس سالہ دور حکومت میں صوبے کے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیا ہے،سابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کرپشن کو ختم کرنے کی بجائے کرپشن کو مزید فروغ دیا ہے اور ترقیاتی فنڈز میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے ہر سال کی آڈٹ رپورٹس نے اربوں روپے کی واردات کی کرپشن بے نقاب کی ہے۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس کھوکھلے دعوے اور جھوٹے نعرے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس عوام کی بہبود کے لئے قابل عمل پروگرا م ہے،عمران خان سندھ کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کے جھوٹے نعرے لگانے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ان کے پاس عوام کی بھلائی اور خوشحالی کا پروگرام تھا ہی نہیں، سندھ کی عوام تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، جبکہ منشیات کی سرعام فروخت کے باعث نوجوان نسل تباہ ہوچکی ہے، 25 جولائی تاریخی دن ہوگا جب پیپلز پارٹی کو سندھ کے عوام مسترد کردے گی۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات