گورنرسندھ کا سبکدوش وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین کے اعزا ز میں افطار ڈنر کا اہتمام

مراد علی شاہ، سابق کابینہ اراکین سمیت نگران وزیر اعلی ، کابینہ اراکین اہم شخصیات شریک ہوئیں مسلسل دوسری مرتبہ مدت مکمل کرنا جمہوریت کا تسلسل اور استحکام ہے، گذشتہ حکومت پانچ برس مکمل کرکے خوشگوار جمہوری روایات کے مطابق اقتدار سے سبکدوش ہو ئی جس سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد مزید مستحکم ہو گیا ہے ، عام انتخابات کے انعقاد کے لئے متفقہ آئینی ، قانونی ، اقتصادی ، معاشی ، تعلیمی اور سماجی ماہرین سمیت مختلف شعبوں کے تجربہ کار اور غیر متنازعہ شخصیات پر مشتمل نگراں حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ جمہوری اصولوں کے عین مطابق ہے،گورنر سندھ محمد زبیر کا خطاب

منگل 12 جون 2018 21:22

گورنرسندھ کا سبکدوش وزیر اعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین کے اعزا ز میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے گورنرہاؤس میں سبکدوش وزیرا علیٰ سندھ سید مرا د علی شاہ اورکابینہ اراکین کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ افطار ڈنر میں نگراں وزیر اعلی سندھ فضل الرحمان ،نگراں کابینہ کے اراکین ،مختلف ممالک کے سفارتکاروں ، میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر ارشد وہرہ ، کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا ، ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل محمد سعید ، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئر مین ریئر ایڈمرل جمیل اختر ، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس ،ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر ،صوبہ کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز جن میں ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سعید قریشی ، جامعہ کراچی کے محمد اجمل خان ، این ای ڈی کے سروش حشمت لودھی ، سندھ مدرستہ الاسلام کے محمد علی شیخ،لیاری یونیورسٹی کے اختر بلوچ ، لاء یونیورسٹی کے قاضی خالد سمیت دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنرسندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل دوسری مرتبہ مدت مکمل کرنا جمہوریت کا تسلسل اور استحکام ہے ، جب سے میں گورنرہوں اس دوران صوبائی حکومت سے مختلف معاملات پر اختلاف رہا لیکن صوبہ کی تعمیر میں مل کر کام کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ حکومت پانچ برس مکمل کرکے خوشگوار جمہوری روایات کے مطابق اقتدار سے سبکدوش ہو ئی جس سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد مزید مستحکم ہو گیا ہے ، عام انتخابات کے انعقاد کے لئے متفقہ آئینی ، قانونی ، اقتصادی ، معاشی ، تعلیمی اور سماجی ماہرین سمیت مختلف شعبوں کے تجربہ کار اور غیر متنازعہ شخصیات پر مشتمل نگراں حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ جمہوری اصولوں کے عین مطابق ہے ، جمہوریت کے تسلسل سے پاکستان اہم سنگ میل عبور کررہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں صوبوں کے مقابلہ میں سندھ میں متفقہ نگراں سیٹ اپ کی تشکیل پر گذشتہ حکومت میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی جماعتیں مبارک باد کی مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے جمہوری عمل کے عین مطابق باہمی افہام و تفہیم سے نگراں سیٹ اپ تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں عوام ایک بار پھر اپنے من پسند نمائندوں کا انتخاب کرینگے ، منتخب نمائندوں کو عوام کے اعتماد کے مطابق عملی مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ عوام کا جمہوریت پر اعتماد مزید پختہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی کابینہ اراکین سے عوام کو قوی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ پر امن ،شفا ف ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے جس میں عوام کو اپنے پسند کے نمائندوں کے چناؤ میں مکمل آزادی حاصل ہو گی ، اس ضمن میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور تعاون نگراں حکومت کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ اور اس سے پیوستہ انتخابات کی طرح ان عام انتخابات کی مانیٹرنگ کے لئے بھی ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندوں اور سفارت کار انتخابی عمل کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی سمت گامزن ہے ، سی پیک کے باعث پاکستان کی اہمیت دنیا بھر میں مسلمہ حقیقت بن چکی ہے ، نئی آنے والی حکومت کو امن و امان ، توانائی اور معاشی استحکام گذشتہ حکومت کے تحفے کے طور پر ملیں گے انھیں بغیر کسی دشواری کے ملک کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے میں آسانی ہوگی یہی جمہوریت اور عوام کی کامیابی ہے ، ہم سب کو ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک وقوم کے روشن مستقبل کے لئے کام کرنا ہوگا ، ہار جیت سے قلع نظر ملک وقوم کے لئے سوچنا ہم سب کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

انہو ں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ جمہوریت کے تسلسل کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لینے والے افراد وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عام انتخابات کے پر امن ، منصفانہ ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے نگراں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے اور معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کے برخلاف قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے نمائندوں کے چناؤ میں ملکی ترقی ، استحکام اور خوشحالی کو مدنظر رکھیں ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو ملکی ترقی ، خوشحالی اور عالمی معاشی نقشہ پر پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہوں، قوموں کی تقدیر خود عوام ہی بدلتے ہیں ، صبر ، برداشت ، اعلیٰ ظرفی اور قومی سوچ کے نظریہ کو پروان چڑھانے سے ہی پاکستان بھی دنیا میں منفرد مقام حاصل کرسکتا ہے۔

سابق وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی نے کہا کہ گورنرسندھ کی جانب سے سبکدوش حکومت کے اراکین کو افطارڈنر کی دعوت دینا صحت مندانہ روایت ہے ، سبکدوش صوبائی حکومت نے بلا تفریق عوام کی خدمت کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے ، صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر کام کرنے سے عوام کو سہولیات حاصل ہوئی ہیں ، جمہوریت میں عوامی مفاد سب سے مقد م ہوتا ہے ہر ایک اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور عام آدمی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات جمہوریت کے ثمرات ہیں۔ #