پشاور، چوری شدہ موٹر سائیکلز کے چیسز اور انجن نمبرات تبدیل کرنے والاملزم اوزار سمیت گرفتار،بوگس چیسز اور انجن نمبرات برآمد

منگل 12 جون 2018 21:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے چوری شدہ موٹر سائیکلز کے چیسز اور انجن نمبرات تبدیل کرنے والے ملزم کوٹمپرنگ میں استعمال ہونے والے اوزاراور بڑی تعداد میں بوگس چیسز/انجن نمبرات سمیت گرفتار کرکے حوالات منتقل کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سنٹرل جیل پشاورکے سامنے سے ایک موٹر سائیکل چوری ہوئی تھی جس کا ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ وسیم ریاض کو جلد از جلد موٹر سائیکل چور کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

جنہوں نے ڈی ایس پی کینٹ کمال حسین خان اور ایس ایچ او شرقی دوست محمد کو موٹر سائیکل چور کا سراغ لگانے اور ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالے کیا تھا۔ جنہوں نے نہایت باریک بینی اور جانفشانی سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگاکر ایک کامیاب کارروائی کے دوران 2 ملزمان عبد المجید ولد انور تاج ساکن شبقدر اور جاوید ولد غیاث الدین ساکن افغانستان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 6 عدد سرقہ شدہ موٹر سائیکل بھی بر آمدکر کے جیل منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ملزمان نے دوران انٹاروگیشن وقوعہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے بیان کیا تھاکہ سنٹرل جیل کے سامنے سے موٹر سائیکل انہوں نے چوری کرکے بیس ہزار روپے پر فروخت کیا ہے ۔ ملزمان نے دوران انٹاروگیشن مزیدانکشاف کیا تھا کہ وہ مو ٹر سائیکلیں چوری کرنے کے بعد عبد الجلیل ولد حاکم عرف پہلوان سکنہ ماشوگگر کے پاس لے جاکر اس سے موٹر سائیکل کے چیسز اور انجن نمبرات تبدیل کراتے ہیں۔

جس پر ایس ایچ او دوست محمد خان نے تیسرے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں شروع کر دیں۔ گزشتہ روزایس ایچ او دوست محمد خان ،IO شاد محمد خان اوردیگر نفری پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران ٹمپرنگ میں ملوث ملزم عبد الجلیل ولد حاکم عرف پہلوان سکنہ ماشوگگر کو گرفتارکر اس کے قبضے سے ٹمپرنگ میں استعمال ہونے والے آلات سمیت بڑی تعداد میں بوگس چیسز نمبرات بھی برآمد کرلئے۔ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے ایس پی کینٹ وسیم ریاض ،ڈی ایس پی کینٹ کمال حسین اور ایس ایچ او تھانہ شرقی سمیت تمام ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ۔