چکوال:آنے والے عام انتخابات کیلئے افطاریوں کی آڑ میں بھرپور انتخابی مہم شروع کردی گئی

منگل جون 21:26

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2018ء) آنے والے عام انتخابات کیلئے افطاریوں کی آڑ میں بھرپور انتخابی مہم شروع کردی گئی ہے اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن پارلیمنٹرینز نے اوپر تلے بھرپور شو آف پاور کرکے پاکستان تحریک انصاف کو بھرپور پیغام دے دیا ہے کہ وہ ہر قسم کے مشکل حالات کے باوجود25جولائی کو اپنی ماضی کی شاندار کارکردگی کو دوبارہ دوہرائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹوں کی تقسیم پر جو شدید رد عمل سامنے آیا تھا اس کی گر د اب بیٹھنا شروع ہوگئی ہے، متوقع باغیوں نے اپنے قائد عمران خان کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اپنا تن من دھن پی ٹی آئی کیلئے وقف کرنے کا عندیہ دیا ہے جس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 25جولائی کو اب نہیں تو کبھی نہیں کے مصداق صرف اور صرف جیت کیلئے میدان میں اترے گی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کو اس وقت سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کی ممکنہ بغاوت کا خطرہ بھی درپیش ہے انہوں نے تین نشستوں پر کاغذات نامزدگی داخل کرا کے پورے ضلع چکوال کے سیاسی حلقوں کو حیران اور پریشان کیا ہوا ہے۔ منگل کی شام کو سیتھی ہائوس میں مسلم لیگ ن کی بڑی بیٹھک لگی ہے مگر ابھی اس کی تفصیلات آنا باقی ہیں۔ تلہ گنگ میں لیگیوں کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں جس کی وجہ سے چوہدری پرویز الہٰی کے ہاتھوں میں بھی کامیابی کی لکیر ابھرنا شروع ہوگئی ہے۔

وہاں پر سردار منصور حیات ٹمن بغاوت کرتے ہیں اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے یا کسی دوسری جماعت کا ٹکٹ لیکر میدان میں اترتے ہیں تو پھر یقینی طور پر اس کا فائدہ مسلم لیگ ن کے سردار ممتاز ٹمن کو ہوگا۔ بہرحال کھچڑی پکی ہوئی ہے اور اب اس کچھڑی سے خوشبو اٹھنا شرو ع ہوگئی ہے اور سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہر نشست پر گھمسان کا رن پڑے گا اور رمضان المبارک کے بعد جب بھرپور انتخابی مہم شروع ہوگی خلائی مخلوق کی حرکت بھی بڑی اہم ہے، سکرپٹ مسلم لیگ ن کیلئے بالکل واضح ہے اور اہل بینش کو نوشہ دیوار سامنے لکھا دکھائی دے رہا ہے مگر مسلم لیگ ن کے حلقے بڑے پرامید ہیں کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ مستانہ ناصرف پورے پاکستان بلکہ ضلع چکوال کے درو دیوار بھی بھرپور طریقے سے سنیں گے اور اس نعرے کی گونج میں شیر 25جولائی کی شام کو ایک دفعہ پھر دھاڑے گا۔