وفاقی وزارت برائے سمندرپارپاکستانی و ترقی انسانی وسائل نے نئے اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اور توسیع کر دی

نیا بورڈ آف گورنرز اپنے تمام ممبران بشمول اوپی ایف انتظامیہ، مکمل ہم آہنگی سے اپنی خدمات سرانجام دیتا رہیگا

منگل 12 جون 2018 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء)وفاقی کابینہ کے احکامات کی روشنی میں وفاقی وزارت برائے سمندرپارپاکستانی وترقی انسانی وسائل نے نئے اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اور توسیع کر دی ہے جس کے مطابق وفاقی سیکرٹری برائے سمندرپارپاکستانی وترقی انسانی وسائل بطورچیئرمین اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔علاوہ ازیں نئے بورڈ میں پانچ پرائیویٹ ممبران اور سات وزارتوں اور سرکاری محکموں کے سینئر افسران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اوپی ایف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بنایا جانے والاسرکاری ادارہ ہے جو کہ پچھلے تقریباًً 40سال سے سمندر پارپاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔اس ادارے نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اوران کو حل کروانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ادارے کی ترقی اور اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری کے لئے تشکیل کیا گیا نیا بورڈ آف گورنرز اپنے تمام ممبران بشمول اوپی ایف انتظامیہ، مکمل ہم آہنگی سے اپنی خدمات سرانجام دیتا رہے گا۔