آصفہ بھٹو نے لیاری سے ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرلیا

منگل 12 جون 2018 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو نے لیاری کو اپنا مستقل انتخابی حلقہ بنانے میں دلچسپی ظاہرکرتے ہوئے لیاری سے ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پیپلزپارٹی نے سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو جاری کیے گئے انتخابی ٹکٹس میں آصفہ بھٹو کا نام شامل نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصفہ بھٹو کو انتخابی ٹکٹ جاری نہ کرنے کی وجہ پیپلزپارٹی کی قیادت آصفہ بھٹو کو کراچی کے حلقے لیاری سے ضمنی الیکشن لڑانا چاہتی ہے تاہم کراچی میں لیاری کے انتخابی حلقے این اے 247سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔اسی طرح بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں این اے 200سے بھی انتخابی میدان میں اتریں گے۔

بلاول بھٹو کے لیاری سے الیکشن لڑنے کے باعث آصفہ کو انتخابی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ عام انتخابات 2018 کے بعد جب بلاول بھٹو زرداری دونوں انتخابی حلقوں سے الیکشن جیت جائیں گے توانہیں ایک انتخابی حلقہ چھوڑنا ہوگا۔۔بلاول بھٹو لاڑکانہ کی نشست اپنے پاس رکھیں گے جبکہ لیاری کی نشست چھوڑ دیں گے۔بعد میں لیاری سے ضمنی الیکشن میں آصفہ بھٹو میدان میں اتریں گی۔