ضلع سجاول میں مختلف وجوہات کی بناء پر بند رہنے والے اسکولوں میں سے 82اسکولز کھول دیئے گئے

منگل 12 جون 2018 21:28

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) ڈسٹرکٹ ریفارم اورسائٹ کمیٹی کی کوششوں سے ضلع سجاول میں مختلف وجوہات کی بناء پر بند رہنے والے اسکولوں میں سے 82اسکولز کھول دیئے گئے ہیں۔ غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹیس دیئے گئے ہیں ۔اسکے باوجود بھی حاضر نہ ہونے والے اساتذہ کی تنخواہیں بند کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرIسردار ریاض حسین لغاری نے محکمہ تعلیم ، ایل ایس یو اور مانیٹرنگ افسران کے ساتھ دربار ہال میں اجلاس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے مستقبل کا معمار ہیں۔ بہترین اوربااخلاق معاشرے میں تعلیم کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسکول میں بچوں اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرIسردار ریاض حسین لغاری نے اے ای او پرائمری اشرف شاعر کو ہدایتیں دیتے ہوئے کہا کے جن اسکولوں میں بچے کم اور اساتذہ زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

وہاں سے کچھ اساتذہ کو ان اسکولوں میں تبادلہ کیا جائے جو اسکول اساتذہ کے نا ہونے سے بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لیئے گائوں دیہات کے لوگ بھی ضلع انتظامیہ کا ساتھ دیں اور گھوسٹ اساتذہ کی نشاندہی کریں۔ انہوں کہا کہ اسکولوں کے فنڈ اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے پیسے اسکولوں پر خرچ کیئے جائیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ استعمال نہ کرنا بھی ویسا ہی جرم ہے جیسا کے فنڈز کا غلط استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کتنے ہی ایسے اسکول ہیں جن میں ایس ایم سی فنڈز سالہا سال سے استعمال نہیں ہورہے ایسے اسکولوں کی لسٹ دی جائے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں اے ای او پرائمری اشرف شاعر، ایل ایس یو کنسلٹنٹ نیاز حسین جاگیرانی، ڈی ای او دوست علی ملاح، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر ہریش کمار ، آفیس اسسٹنٹ مانیٹرنگ غلام رسول جتوئی اسکے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :