چھکوں پر چھکے، سرفراز احمد کی تاریخی اننگ، پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

muhammad ali محمد علی منگل 12 جون 2018 21:29

چھکوں پر چھکے، سرفراز احمد کی تاریخی اننگ، پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی ..
ایڈنبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون2018ء) دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سابق ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو جیت کے لیے 205رنز کا ہدف دے دیا ہے۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 33رنز پر گری جب احمد شہزاد 14 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 46 کے مجموعی سکور پر ہوا جب فخر زمان بھی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان سرفراز احمد نے حسین طلعت کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے 41رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد آل راﺅنڈر 18رنز بنا بیرنگٹن کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ،قومی ٹیم کے سینئر ترین بلے باز شعیب ملک نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 96رنز کا اضافہ کیا اور دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،شعیب ملک 53رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے اور کپتان سرفراز احمد نے 89رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر گرین شرٹس کا سکور 204رنز تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سکاٹ لینڈ کو کمزور حریف تصور نہیں کریں گے، گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف سکاٹش ٹیم نے کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی آسان فارمیٹ نہیں، ہم دیکھ چکے ہیں کہ افغانستان نے بنگلادیش کو 0-3 سے شکست دی، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نمبر ون پوزیشن پر ہیں یا نمبر 8 پر، آپ کو محدود اوور کے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوتی ہے۔

سکاٹ لینڈ گزشتہ روز ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا چکا ہے جبکہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی نمبر ون ٹیم ہے۔پاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں فخرز مان، احمد شہزاد، حسین طلعت، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر اور حسن علی پر مشتمل ہے۔سکاٹ لینڈ کی ٹیم کی قیادت کائیل کوئٹزر کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں میٹ کروس(وکٹ کیپر)، رچی بیرنگٹن، جارج منسی، مارک واٹ، میتھیو کراس، ڈیلان بج، مائیکل لیسک، کالم مکلاوڈ، الیسڈیئر ایوانز، سفیان شریف، حمزہ طاہر شامل ہیں۔