سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز اور کپتان بن گئے

قومی ٹیم کے کپتان نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ایڈنبرگ ٹی ٹوئنٹی میچ میں 89 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا

muhammad ali محمد علی منگل 12 جون 2018 22:07

سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے والے وکٹ ..
ایڈنبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون2018ء) سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز اور کپتان بن گئے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ایڈنبرگ ٹی ٹوئنٹی میچ میں 89 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔  تفصیلات کے مطابق دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سابق ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو جیت کے لیے 205رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 33رنز پر گری جب احمد شہزاد 14 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 46 کے مجموعی سکور پر ہوا جب فخر زمان بھی 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد نے حسین طلعت کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے 41رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد آل راﺅنڈر 18رنز بنا بیرنگٹن کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ،قومی ٹیم کے سینئر ترین بلے باز شعیب ملک نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 96رنز کا اضافہ کیا اور دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،شعیب ملک 53رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے اور کپتان سرفراز احمد نے 89رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر گرین شرٹس کا سکور 204رنز تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا ۔

سرفراز احمد کی اس اننگ کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اننگ سے سرفراز احمد نے شاندار اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز اور کپتان بن گئے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ایڈنبرگ ٹی ٹوئنٹی میچ میں 89 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے پاس تھا جنہوں نے 2009 میں 78 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔