Live Updates

قرآن ، رمضان اور انسان کا آپس میں بڑا گہرا تعلق ہے،ملک سکندرخان ایڈوکیٹ

منگل 12 جون 2018 22:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) جمعیت علما ء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سکندرخان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ قرآن ، رمضان اور انسان کا آپس میں بڑا گہرا تعلق ہے اس لئے کہ اسی رمضان کے مہینے میں انسان کی فلاح اور رہنمائی کیلئے قرآن مجید کو نازل کیا گیا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کو ہم اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، اس سے محبت کرتے ہوئے رہنمائی حاصل کریں،انہوںنے واضح کیا کہ قرآن مجید صرف مومنوں اور مسلمانوں کے لئے ہی نہیں ، تمام انسانوں کیلئے سر چشمہ ہدایت ہے۔

جس طرح اللہ تعالیٰ صرف مسلمانوں کا ہی رب نہیں بلکہ وہ تمام جہانوں اور کائنات کے تمام انسانوں کا خالق و معبودہے ، اسی طرح پیغمبر آخرالزماں بھی صرف مسلمانوں کے نبی نہیں بلکہ تمام جہانوں اور کائنات کے سارے انسانوں کیلئے نبی رحمت ہیں ۔

(جاری ہے)

بالکل اسی طرح قرآن مجید بھی صرف مسلمانوں کیلئے کتاب رشدو ہدایت نہیں بلکہ تمام جہانوں اور کائنات کے تمام انسانوں کیلئے سرچشمہ ہدایت و نصیحت ہے انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم محبت و عداوت کے وہ اصول فراموش کر بیٹھے ہیںجو ہمیں قرآن وسنت نے سکھلائے تھے قرآن کریم دنیا و آخرت دونوں جہانوں کیلئے ہماری راہ نمائی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی تلاوت نہ کرنا اور اس کے مطالب سے مستفید نہ ہونا رحمتوں اور برکتوں سے محروم کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم وہ عظیم کتاب ہے جسے رب العلمین نے جبریل روح الامین کے ذریعے پیغمبر آخرالزمان ، رحمة للعلمین صلی اللہ علیہ وسلم پر ماہ رمضان المبارک میں نازل کیا جس میں آغاز سے لیکر انتہاء تک اللہ کی رحمت اور بخشش کا نزول ہوتا ہے جس سے امت مسلمہ دنیا میں رہنمائی اورآخروی زندگی میں کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات