Live Updates

عیدالفطر کے موقع پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں‘ڈاکٹرحسن عسکری

متعلقہ اداروں کو شہروں کو صاف ستھرا بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے متعلقہ محکمے اور انتظامیہ جھولوں کی سیفٹی پر خصوصی توجہ دیں، ماضی میں جھولے گرنے کے بعض ناخوشگوار واقعات پیش آئے سیکرٹری بلدیات و شہری ترقی نے عید کے موقع پر صفائی انتظامات اور جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی

منگل 12 جون 2018 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالفطر کے موقع پرشہروں کی صفائی کے انتظامات اور جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹرحسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

صفائی کیلئے مرتب کئے جانے والے ایکشن پلان پر عملدرآمد نظر آنا چاہیئے۔ اچھی انتظامیہ وہ ہوتی ہے جو وقت سے پہلے پیش بندی کرکے اقدامات کرے۔ عوام پریزنٹیشن سے نہیں بلکہ متعلقہ اداروں اور محکموں کی کارکردگی کا اندازہ عملی اقدامات سے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور عید کے موقع پر صاف ستھرا ماحول شہریوں کی خوشیوں کو دوبالا کرے گا۔

(جاری ہے)

متعلقہ اداروں کو شہروں کو صاف ستھرا بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ صفائی کے بہترین انتظامات سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور شہریوں کو بھی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں کی صفائی کیلئے متعلقہ اداروں کو پوری طرح متحرک ہونا چاہیئے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پارکوں اور دیگر تفریحی مقامات پر لگے جھولوں کی سیفٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

ماضی میں جھولے گرنے کے بعض ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے پیش بندی کی جائے اور متعلقہ محکمے اور انتظامیہ جھولوں کی سیفٹی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جھولوں کی اجازت دینے سے پہلے وضع کردہ سیفٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے اور انتظامیہ کو جاری کی جانے والی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے۔ سیکرٹری بلدیات و شہری ترقی نے عید کے موقع پر صفائی کے انتظامات اور جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نگران وزیر بلدیات و شہری ترقی ظفر محمود، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری بلدیات و شہری ترقی، سیکرٹری نگران وزیراعلیٰ اور جنرل مینجر آپریشن لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات