تحریک انصاف کاجامعہ پنجاب کے وائس چانسلر کی خلاف قانون تعیناتی کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس کا مطالبہ

منگل جون 23:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2018ء) جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر کی خلاف قانون تعیناتی کے معاملے پر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس کا مطالبہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر رہنما عندلیب عباس نے اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کیا ہے۔انہوں نے خط میں ڈاکٹر نیاز احمد کی بطور وائس چانسلر تعیناتی معطل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر نیاز احمد ایک سیاسی جماعت سے وابستگی کی پوری تاریخ رکھتیہیں۔ قانون کی رو سے انتخابی شیڈیول جاری ہونے کے بعد حکومتیں اعلی انتظامی عہدوں پر کمیشن کی اجازت کے بغیر تعیناتیوں کی مجاز نہیں۔ ڈاکٹر نیاز کو 2 جون 2018 کو جامعہ پنجاب کی سربراہی پر تعینات کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے 31 مئی 2018 کو انتخابی شیڈیول جاری کیا۔ عندلیب عباس نے کہا کہ الیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ 2017 سے صریحا انحراف کا فوری نوٹس لے اور ڈاکٹر نیاز کی تعیناتی فوری طور پر معطل کی جائے۔