کوئٹہ،شہید حمید بلوچ کی جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،رہنما بلوچستان نیشنل پارٹی

منگل 12 جون 2018 23:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) شہید حمید بلوچ کی جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی شہید نے مظلوم انسانوں پر ظلم و زیادتیوں سے اجتناب کا درس دیا ہماری جدوجہد ہمیشہ اصولوں پر مبنی رہی ہے شہداء ہمارے لئے قدر و منزلت کی حیثیت رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار پارٹی سیکرٹریٹ میں تعزیتی ریفرنس سے مرکزی فنانس سیکرٹری ملک نصیر احمد شاہوانی ‘ ضلعی جنرل سیکرٹری آغا خالد شاہ دلسوز ‘ طاہر شاہوانی ایڈووکیٹ ‘ یونس بلوچ ‘ جاوید جھالاوان ‘ پرنس رزاق بلوچ ‘ عادل شاہوانی ‘ موسیٰ بلوچ ‘ زعفران مینگل ‘ ڈاکٹر فاروق پرکانی ‘ حاجی محمد عارف نے خطاب کیا اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ہدایت اللہ جتک سے سر انجام دیئے مقررین نے شہید حمید بلوچ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاشرے میں ایک سوچ کو پروان چڑھایا اور انسانی اقدار کو مقدم رکھا کہ بلوچ قوم مظلوم انسانوں کی قتل و غارت گری کا حصہ نہ بنیں اس حوالے سے انہوں نے عملی جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیا مقررین نے کہا کہ بلوچستان کی قومی جدوجہد میں شہداء کی قربانیاں ہیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی بی این پی قومی جمہوری سیاست پر یقین رکھتی ہے ہم نظریاتی ‘ فکری حوالے سے عوام میں شعور اور فکر کو اجاگر کر رہے ہیں ہماری سیاست واضح پیغام ہے کہ انسانیت کے فروغ کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے جس طرح شہید نے آگے بڑھایا ہم بھی جمہوری انداز میں بلوچستان میں ناانصافیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں اس کیلئے لازم ہے کہ ہم اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق علم و آگاہی کو فروغ دے کر ہم اپنی قوموں کی خدمت کر سکیں گے اور آج ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم عوام کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کریں مقررین نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات ہونے کو ہیں عوام کی کوشش ہونی چاہئے کہ وہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے حق میں اپنا فیصلہ دے اور کلہاڑے پر مہر ثبت کرے سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں بلوچستانی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کیلئے لازم ہے کہ بی این پی کے امیدواروں کو بلوچستان بھر میں کامیابی دلوانے کیلئے عوام اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کرپٹ ‘ نااہل حکمرانوں کو رد کریں ۔