مریم نواز کی بلائیں ٹالنے کے لیے بکروں کا صدقہ دے دیا گیا

بکروں کا صدقہ سابق ایم پی اے ملک سیف کھوکھر نے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 13 جون 2018 11:37

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جون 2018ء) : پانامہ لیکس کے بعد سے ہی مسلم لیگ ن کی قیادت اور پارٹی کا سیاہ ترین باب شروع ہوا ۔ اس دور میں مسلم لیگ ن کے کئی دیرینہ ساتھی اور کارکنوں نے نہ صرف ان کا ساتھ چھوڑا بلکہ ان کی حریف جماعتوں میں شمولیت بھی اختیار کر لی۔ مسلم لیگ ن پر ایک کے بعد ایک مشکلات آئیں لیکن مریم نواز شریف نے اپنے والد کا ساتھ نہ چھوڑا اور دونوں باپ بیٹی نے نیب مقدمات کا بھی سامنا کیا۔

مریم نواز اپنے والد کے شانہ بشانہ جلسوں میں شرکت کی جس کی وجہ سے انہیں کم ہی عرصہ میں کافی مقبولیت حاصل ہو گئی۔ مریم نواز کو زیادہ مقبولیت این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حاصل ہوئی جہاں انہوں نے اکیلے ہی مسلم لیگ ن کی اُمیدوار اور اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم چلائی۔

(جاری ہے)

مریم نواز کی مقبولیت میں اضافہ کے باعث ان کے لیے کئی مشکلات بھی کھڑی ہوئیں جس کے پیش نظر مریم نواز کے لیے بکروں کا صدقہ دیا گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگی سابق ایم پی اے ملک سیف کھوکھر نے مریم نواز کی بلائیں ٹالنے کے لیے چار بکروں کا صدقہ دیا۔آج مریم نواز شریف نے اپنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہونا ہے جس کے لیے مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ملک سیف کھوکھر کی قیادت میں چار بکروں کا صدقہ دیا۔ صدقہ دینے کا مقصد مریم نواز کو بلاؤں اور نظر بد سے بچانا ہے۔

ملک سیف کھوکھر نے کہا کہ میں یہ صدقہ مریم نواز کے لیے دے رہا ہوں۔ مریم نواز پہلی مرتبہ میدان میں اُتری ہیں اور پاکستان کے لیے اُتری ہیں۔ اور ان کے لیے بکروں کا صدقہ بھی اسی لیے دیا جا رہا ہے تاکہ اللہ ان کی بلائیں ٹالے اور ان کو نظر بد سے محفوظ رکھے۔ اور ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہونے پر انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔