افغان طالبان نے امریکہ کو طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی دعوت دیدی

افغان جنگ کے تباہ کن اثرات افغان امریکی دونوں کو متاثر کرتے ہیں ،ْمسئلہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ،ْ سربراہ ہبت اللہ اخونزادہ

بدھ 13 جون 2018 11:47

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) افغان طالبان کے سربراہ مولوی ہبت اللہ اخونزادہ نے امریکہ کو طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی دعوت دی ہے تاکہ افغان تنازع کا سیاسی حل تلاش کیا جاسکے ۔عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں طالبان سربراہ نے کہاکہ اگر امریکی اہلکار واقعی افغان مسئلے کے پر امن حل چاہتے ہیں تو انہیں طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کیلئے میز پر آنا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ افغان جنگ کے تباہ کن اثرات افغان امریکی دونوں کو متاثر کرتے ہیں اور یہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ امریکی اہلکاروں کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ وہ مسائل کی حل کی بجائے ہر مسئلے پر ضداور ڈھیٹ پن کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اس کا حل طاقت کے استعمال میں تلاش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ طالبان افغان مسئلے کے سیاسی حل کیلئے تیار ہے اور مفاہمت اور مذاکرات کیلئے قطر میں سیاسی دفتر کھولا ہے جو کہ مذاکرات کیلئے واحد ذریعہ ہے ۔

انہوںنے افغانستان میں طالبان کی لڑائی کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ افغانوں کو اپنے ملک سے غیر ملکی جارحیوں کو نکالنے کیلئے لڑائی کا حق حاصل ہے ۔انہوںنے کہاکہ ا س سے پہلے افغانوں نے برطانوی اور روسی فوجیوں کے خلاف بھی اسی طرح مزاحمت کی تھی کیونکہ انہوںنے افغانستان پر جارحیت کا ارتکاب کیا تھا جس طرح کل غیر ملکیوں کے خلاف مسلح مزاحمت جائز تھی اسی طرح آج بھی امریکیوں کے خلاف قانونی اور جائزمزاحمت جاری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ یہ غیر منطقی سوچ ہے کہ کل کے جارحیت کر نے والوں کے خلاف اگر مزاحمت جائز تھی تو آج ناجائز کیوں ہے طالبان سربراہ نے کہا کہ افغان مسئلے کا واحد امریکی قیادت میں غیر ملکی فوجیوں کی واپسی ہے ۔انہوںنے کہاکہ غیر ملکی افواج کے نکلنے کے بعد افغانوں کو آپس میں مل بیٹھنے اور تمام لوگوں پر مشتمل حکومت بنانے کا موقع ملے گا ۔مولوی ہبت اللہ نے ان افغان علماء پر سخت تنقید کی جو جنگ کے خاتمے کا مطالبہ تو کرتے ہیں لیکن انہوںنے کبھی بھی افغانستان سے غیر ملکی افواج کی واپسی کا مطالبہ نہیں کیا ۔انہوںنے علماء کو خبر دار کیا کہ امریکی اپنی شکست سے بچنے کیلئے علماء کو استعمال کر نا چاہتے ہیں ۔