الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں سیاسی پارٹیوں اور اٴْمیدواروں کی انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کے لئے ضلعی سطح پرمانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں

بدھ 13 جون 2018 12:43

بانڈہ داؤدشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں سیاسی پارٹیوں اور اٴْمیدواروں کی انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کے لئے ضلعی سطح پرمانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں جو کمیشن کے طے شدہ ضابطہ اخلاق اور رولزکی خلاف ورزی کر نے پر کسی بھی سیاسی پارٹی اور اٴْمیدوار کے خلاف شکایات کا فیصلہ کریں گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق تشکیل کردہ یہ مانیٹرنگ ٹیمیں صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ قومی اسمبلی کے حلقوں کی مانیٹرنگ بھی کریں گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں بنائی گئی ہیں جن کی زیرسرپرستی مختلف محکمہ ہائے کے سربراہوں اور افسروں (گریڈ 19 تا 17 ) پر مشتمل ہر صوبائی حلقہ کے لئے مانیٹرنگ ٹیم کام کرے گی۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے صوبہ پنجاب کے 36 اضلاع کے لئے 297 ٹیمیں‘ صوبہ بلوچستان کے 31 اضلاع کے لئے 51 ‘ صوبہ سندھ کے 29 اضلاع کے لئے 130 اورصوبہ خیبر پختونخواہ کے 27 اضلاع کے لئے 99 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں کے لئے ڈپٹی کمشنر اسلام آبادکی سربراہی میں 3 ٹیمیں بنائی گئی ہیں جبکہ ساتوں قبائلی علاقوں کے قومی اسمبلی کے کل گیارہ حلقوں کے لئے متعلقہ پولیٹیکل ایجنٹ/ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسرکی سربراہی میں 11 مانیٹرنگ ٹیمیں اور ایف آر پشاور‘ ایف آر کوہاٹ‘ ایف آر بنوں‘ ایف آر لکی مروت‘ ایف آر ٹانک اور ایف آر ڈیرہ اسماعیل خان پر مشتمل سات ایف آر(فرنٹیئر ریجن) کے واحد حلقے NA-51 میں سیاسی پارٹیوں اور اٴْمیدواروں کے انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کے لئے کمشنر بنوں کی سربراہی میں الگ مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔