تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے کئی شہری و دیہی علاقوں بشمول ٹیری میں گیس کی بندش ‘ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا

بدھ 13 جون 2018 12:43

بانڈہ داؤدشاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے کئی شہری و دیہی علاقوں بشمول ٹیری میں گیس کی بندش ‘ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیاہے اور رمضان المبارک کے پورے ماہً مقدس میں لوگوں کو سحری اور افطاری کے وقت چیخیں نکالنے پر مجبور کر دیاہے۔حکومتی اداروں اور مقامی انتظامیہ کی مبینہ ناقص کارکردگی کے باعث عوام کا جینا محال ہوگیا ہے ۔

قدرتی گیس میں پریشرکی کمی اوراس کے نتیجے میں پائپوں میں گیس کی بندش جبکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج نے اہالیان ٹیری سمیت تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے درجنوں دیہات کوبری طرح متاثر کیا ہے اورعوام کو پرانے وقت کی یاد دلا دی ہے جب لوگ قدرتی گیس کی بجائے آگ جلانے کے لیے لکڑی اور روشنی کے لیے دیا اور لالٹین کا استعمال کرتے تھے۔

(جاری ہے)

واقعتاً صورت حال یوں ہے کہ تحصیل بانڈہ داؤدشاہ قدرتی گیس کے ذخائر سے مالامال ہے اور متعدد علاقوں میں اب تک تیل اور گیس کے متعدد ذخائر دریافت ہوچکے ہیں جہاں سے روزانہ ہزاروں لاکھوں کیوسک قدرتی گیس صوبہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب کو فراہم کی جاتی ہے لیکن افسوس ہے کہ جہاں ذخائر پائے جاتے ہیں وہاں عوام کو اس سہولت سے جان بوجھ کر محروم رکھا جارہا ہے۔

تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے سب سے بڑے شہرٹیری اورملحقہ دیہات میں حکام نے قدرتی گیس کے پریشر میں جان بوجھ کربے حد کمی کردی ہے جس کے باعث پائپوں میں گیس فراہم نہیں ہوتی جس کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور رمضان المبارک کے پورے مہینے میں سحری اور افطاری کے وقت عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ شہریوں نے قدرتی گیس کی عدم فراہمی کے باعث ایک بار پھر آگ جلانے کے لئے لکڑی کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور یوں عوام کو جدید دور کی سہولیات اور قدرتی وسائل پر اپنے حق سے محروم کرکے سالہا سال پرانے وقتوں میں دھکیلا گیا ہے۔

ادھر پیسکو حکام نے بھی تحصیل بانڈہ داؤدشاہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں طویل اضافہ کے ساتھ بجلی کے وولٹیج میں بہت کمی کردی ہے جس کے باعث ان علاقوں میں بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویل جہاںبند ہوگئے ہیں اور پینے کے پانی کی بھی قلت کا سامنا ہے وہاں عوام کو گھنٹوں اندھیرے میں رکھاگیا ہے جس کی وجہ سے شدیدگرمی میں لوگ بلبلااٹھے ہیں اور سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔