بالائی نیلم ،میں خوفناک آتشزدگی45 دکانیں 5 منزلہ گیسٹ ہائوس جل کر خاکستر

کروڑوں روپے کا نقصان، آ گ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ، پو لیس

بدھ جون 15:17

آٹھ مقام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2018ء) بالائی نیلم شاردہ قدیمی بازار میں خوفناک آتشزدگی45 دکانیں 5 منزلہ گیسٹ ہائوس جل کر خاکستر، کروڑوں روپے کا نقصان۔۔ تھانہ پولیس شاردہ کے مطابق وادی نیلم کے سیاحتی مقام شاردہ کے میں بازار میں عباسی گیسٹ ہائوس میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی آتشزدگی اتنی شدید تھی کہ پورے بازار کو دیکھتے ہی دیکھتے جلا کر خاکستر کر دیا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق45 بڑی دکانیں اور ایک گیسٹ ہائوس کی پانچ منزلہ عمارت بھی جل کر زمین بوس ہو گئی ہے۔ ٹمپریچر اتنا زیادہ تھا کہ بازار کے قریب بھی کوئی نہیں جا سکتا تھا۔ جبکہ قریبی عمارتوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی جس کو فوج اور مقامی لوگوں نے رات گئے قابو پا لیا ہے۔ مقامی لوگ اور پاکستانی فوج دریا سے پانی لا کر آگ بھجانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت آزاد کشمیر کی نااہلی اور سپیکر غلام قادر کی غفلت کے باعث فائر برگیڈ یا ریسکیو 1122 کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے۔ جبکہ مقامی انتظامیہ بھی عید چھٹیوں سے قبل ہی غائب ہو گئی ہے۔ سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحیدخان ایڈوکیٹ تمام تر مصروفیات ترک کر کے شاردہ پہنچ کے مقامی لوگوں کے ہمراہ آگ بجھانے کی سرگرمیوں میں برائے راست حصہ لے رہے ہیں۔ عوام نے حکومت اور انتظامیہ کی غفلت پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ سیای و سماجی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر سے چوبیس گھنٹوں کے اندر متاثرین کو ان کے نقصانات کیمطابق معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ بارہ گھنٹے کے بعد ضلعی انتظامیہ شاردہ پہنچ گئی ہے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔