سابق وزیراعظم نوازشریف اورمریم نواز کل لندن روانہ ہوں گے

نوازشریف لندن میں زیرعلاج اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے ہمراہ عیدالفطرمنائیں گے،نوازشریف کے ہمراہ شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہبازبھی لندن کیلئے روانہ ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 جون 2018 15:20

سابق وزیراعظم نوازشریف اورمریم نواز کل لندن روانہ ہوں گے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کل لندن روانہ ہوجائیں گے،نوازشریف لندن میں اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے ہمراہ عیدالفطرمنائیں گے،کلثوم نواز لندن میں زیرعلاج ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف عیدالفطرمنانے کیلئے کل لندن روانہ ہوجائیں گے۔

نوازشریف کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی لندن جائیں گی۔نوازشریف لندن میں اپنی بیگم کلثوم نوازکی عیادت کریں گے اور ان کے ساتھ ہی عیدالفطرکی خوشیوں میں شریک ہوں گے۔ لندن میں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز سمیت ان کے سمدھی اسحاق ڈار بھی مقیم ہیں۔ بیگم کلثوم نواز کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا لندن میں علاج جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہبازبھی لندن کیلئے روانہ ہوں گے۔ سلمان شہبازپی آئی اے کی پرواز 575 میں لندن روانہ ہوں گے۔سلمان شہبازکے ہمراہ ان کی اہلیہ اور بچے بھی لندن میں عید منائیں گے۔ دوسری جانب ہربار کی طرح اس بار بھی نوازشریف کی لندن روانگی کے ساتھ ہی افواہیں گردش کرہی ہیں کہ نوازشریف کی ڈیل ہوگئی ہے۔

جس کے باعث نوازشریف پراب ہاتھ نرم رکھا جارہا ہے۔ نوازشریف کو ڈیل کے تحت ہی لندن جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کیخلاف میڈیا پرپروپیگنڈا کرنے والے بعض افراد کا کہنا ہے کہ نوازشریف اب واپس نہیں آئیں گے۔ چونکہ نوازشریف اور ان کے درمیان این آراو دستخط ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ جب سابق وزیراعظم نوازشریف پاناما کیس میں نااہلی کے بعد جب بھی لندن میں اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکی عیادت کیلئے گئے ان کے بارے یہی افواہیں پھیلائی گئیں کہ وہ اب واپس نہیں آئیں گے۔ جبکہ نوازشریف نے وطن واپس پہنچ کرہربار ان افواہوں اور افواہیں پھیلانے کو شرمندہ کردیا۔