شیخ رشید سے متعلق فیصلہ جانبدارانہ اور انصاف کا خون ہے ‘(ن) لیگ

لیگی قیادت کیخلاف یکطرفہ کارروائی کیا جارہی ہے ،عوامی عدالت میں سرخرو ہو گی‘پرویز ملک ، عمران نذیر و دیگر کا ردعمل

بدھ 13 جون 2018 15:38

شیخ رشید سے متعلق فیصلہ جانبدارانہ اور انصاف کا خون ہے ‘(ن) لیگ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر وسابق وفاقی وزیر محمد پرویز ملک ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور سید توصیف شاہ عامر خان سمیت دیگر نے شیخ رشید کے فیصلے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ جانبدارانہ ہے اور انصاف کا خون ہے۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ الیکشن سے کسی کو راہ فرار اختیار نہیں کردیں گے 2018ء کے انتخابات میں عوام کی عدالت میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن)، قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں قوم کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں داخل کردیا،عوام جانتے ہیں کہ لیگی قیادت کے خلاف یکطرفہ کارروائی کیا جارہی ہے انشاء اللہ لیگی قیادت سر سرخرو ہو گی،اورپاکستان کی تاریخ کے سب سے شفاف اور تیز رفتار منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں اور موجودہ حکومت نے شفافیت کی تاریخ رقم کرکے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ منفی احتجاج، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہو گی، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔