نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے‘اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی آبادی میں نوجوانوں کا ایک بہت بڑا تناسب موجود ہے‘ ان نوجوانوں کو اعلیٰ و فنی تعلیم سے آراستہ کر کے ‘ان میں اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کر کے ملک و قوم کی ترقی کیلئے تیار کیا جا سکتا ہے

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا میڈیکل کالج مظفرآباد میں 12 مئی کو فیوچر لیڈرز کانفرنس سے خطاب

بدھ 13 جون 2018 15:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیت میں نکھار پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی آبادی میں نوجوانوں کا ایک بہت بڑا تناسب موجود ہے۔ ان نوجوانوں کو اعلیٰ و فنی تعلیم سے آراستہ کر کے اور ان میں اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کر کے ملک و قوم کی ترقی کیلئے تیار کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر مسعود خان نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں وزیراعلیٰ یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کے زیر اہتمام میڈیکل کالج مظفرآباد میں 12 مئی کو فیوچر لیڈرز کانفرنس کے انعقاد پر نمایاں کردار ادا کرنے والے آزاد کشمیر کے آفیسران میں شیلڈز اور میڈل تقسیم کرنے کے موقع پر کیا ہے۔

(جاری ہے)

شیلڈز وصول کرنے والوں میں وائس چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر کلیم عباسی، مسز شازیہ اشرف ایڈیشنل سیکرٹری صدارتی سیکرٹریٹ، ڈاکٹر سروش مجید پرنسپل میڈیکل کالج مظفرآباد، محمد عامر فاروق ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز، مسز نبیلہ قیوم ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز جامعہ کشمیر، رانا غلام مظفر چیف آرگنائزر وزیراعلیٰ کمیٹی، سردار عطا اللہ، خواجہ عبدالرحمان DPI کالجز، ملک ارشد پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد، شہباز اختر شمسی شامل تھے۔

صدر مسعود خان نے کہا کہ اس کانفرنس سے نوجوانوں کو اپنے اندر قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے، اپنی شخصیتوں کو مزید نکھارنے اور جدید ذرائع ابلاغ کا درست استعمال کرنے کے لیے راہنمائی میسر ہوئی جس پر میں کانفرنس کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح مزید کانفرنسز آزاد کشمیر کے دیگر بڑے شہروں میں بھی ہونی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کا قیام ایک انتہائی احسن قدم تھا۔ اور اس کمیٹی نے مختصر عرصہ میں نوجوانوں میں بے پناہ شعور، جذبہ پیدا کیا ہے۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں معذور بچوں میں ویل چیئرز بھی تقسیم کیں اور کہا کہ معذور افراد کی خدمت ہمارا فرضِ اولین ہے۔