بھارت آبی جا رحیت پر اتر آیا ہے‘پاکستان آنے والے پانی کا رخ موڑ کر پاکستان کی سرسبز زمینوں کو بنجر کرنا چاہتا ہے‘ملک میں پانی کے ذخائر کم ہو رہے ہیں‘ڈیموں کی تعمیر اشد ضروری ہے

سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 13 جون 2018 16:23

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا کہ بھارت آبی جا رحیت پر اتر آیا ہے۔پاکستان آنے والے پانی کا رخ موڑ کر پاکستان کی سرسبز زمینوں کو بنجر کرنا چاہتا ہے۔ملک میں پانی کے ذخائر کم ہو رہے ہیں۔ڈیموں کی تعمیر اشد ضروری ہے ۔بھارت نے کشن گنگا اور دیگر ڈیم بنا کر پاکستان کے پانی کا رخ موڑ دیا ہے جو معائدے کی خلاف ورزی ہے۔

پاکستان میں ابھی تک کالا ڈیم باغ نہیں بن سکا ۔پانی جمع کرنے اور ڈیم بنانے کے لیے سب سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر سوچنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چودھری محمد اشرف نے کہا کہ مستقبل میں پانی کے لیے جنگیں ہوا کریں گی۔ بھارت آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے اور اس نے انتہائی چالاکی اور ہوشیاری کے ساتھ ڈیم بنا کر پاکستان آنے والے پانی کا رخ موڑ دیا ہے جس سے پاکستان میں آئندہ چند سالوں میں پانی کی کمی کا شدید بحران آنے والا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کو عالمی عدالت میں اپنا کیس کمزور نہیں رکھنا چاہیے بلکہ پانی کا رخ موڑنے پر بھارتی عزائم اور سازش کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے حصے کا پانی لینے کے لیے بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔