Live Updates

تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی خواتین کا ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف احتجاج جاری

پی ٹی آئی خواتین نے بنی گالا کے باہر احتجاج کیا ،لیگی خواتین نے بھی مسلسل دوسرے روز احتجاج جاری رکھا

بدھ 13 جون 2018 16:33

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) تحریک انصاف کی خواتین نے انٹرویوز کے بغیر ہی ٹکٹ نہ دینے کے فیصلے کیخلاف بنی گالا کے باہر احتجاج کیا، مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے بھی مخصوص نشستوں کی فہرست میں نظر انداز کئے جانے پرمسلسل دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا، خواتین مظاہرین ورکرز کو عزت دو کے نعرے لگاتی رہیں ، نواز شریف یا شہباز شریف سے ملاقات ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی خواتین نے اپنے اعلان کے مطابق بنی گالا کے باہر احتجاج کیا ۔ خواتین کا کہنا تھاکہ ٹکٹ کے حصول کیلئے باقاعدہ درخواست اور فیس جمع کرائی لیکن بغیر انٹر ویو کے ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے ۔ اگر ہمارے مطالبے کی شنوائی نہ ہوئی تو دھرنا بھی دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف مسلسل دوسرے روز بھی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج جاری رکھا ۔

خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ اس موقع پر ورکرز کو عزت دو کے نعر ے بھی لگائے گئے ۔ لیگی خواتین کا کہنا تھاکہ گزشتہ 25سے 30سال سے پارٹی سے وابستگی ہے اور ہر کڑے وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا ہے لیکن نئے آنے والوں اور منظور نظر خواتین کی وجہ سے دیرینہ کارکنوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ جب تک نواز شریف یا شہباز شریف سے ملاقات نہیں ہو گی ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات