محکمہ ایکسائز سندھ نے گیارہ ماہ میں 95 فیصد ٹیکس اہداف حاصل کرلئے،سیکریٹری ایکسائز حلیم شیخ

بدھ 13 جون 2018 16:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ نے رواں مالی سال کے دوران گذشتہ گیارہ ماہ میں جولائی 2017 سے مئی 2018 تک مجموعی طور پر مختلف ٹیکسز کی مد میں 59420.933 ملین روپے وصول کرلئے جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران اسی مدت میں 52212.932 ملین روپے وصول کئے گئے تھے۔ یہ بات سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ عبدالحلیم شیخ کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ ،شعیب احمد صدیقی اور دیگر ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 6430.207 ملین روپے، انفرااسٹکچر سیسں کی مد میں 46194.352 ملین روپے ، پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 333.972 ملین روپیاور کاٹن فیس کی مد میں 177.303 ملین روپے وصول کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ جائیداد ٹیکس کی مد میں 1848.007 ملین روپے ، انٹرٹینمینٹ ڈیوٹی کی مد میں 49.320 ملین روپے جبکہ بقایا رقم دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کی گئی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ نے ٹیکس ریکوری کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ محکمہ کے افسران اور عملے انتہائی محنت سے کام کرتے ہوئے گذشتہ گیارہ ماہ میں 95 فیصد ٹیکس اہداف حاصل کرلئے ہیں اور امید ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل ہی 100 فیصد سے زائد اہداف حاصل کرلیں گے۔

متعلقہ عنوان :