سوشل میڈیا پر پھیلی افواہ نے 2 معصوم افراد کی جان لے لی

سو شل میڈیا پر پھیلی اغوا کی غلط اطلاع پر ایک ہجوم نے دو افراد کو مشکوک سمجھ کر پکڑ لیا اور تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتا دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 13 جون 2018 17:00

سوشل میڈیا پر پھیلی افواہ نے 2 معصوم افراد کی جان لے لی
بھارت (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جون 2018ء) بھارت میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک غلط خبر نے دو بے گناہ افراد کی جان لے لی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ سوشل میڈیا نے بے گناہ افراد کی اس طرح جان لی ہو بلکہ بھارت میں ایسے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔پولیس نے سوشل میڈیا پر اغوا کی افواہوں کو پھیلانے کے الزام میں 25 افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست آسام میں سماجی رابطے کی و یب سائٹ فیس بک اور واٹس ایپ پر کچھ دنوں سے یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ آج کل علاقے میں بچوں کے اغوا کار پھر رہے ہیں ۔ سو شل میڈیا پر پھیلتی غلط اطلاع پر دو افراد کو ایک ہجوم نے مشکوک سمجھ کر پکڑ لیا ا اور دنوں افراد پر بد ترین تشدد کیا۔ہجوم اتنا مشتعل تھا کہ دونوں افراد کے دم نکلنے تک ان پر تشدد کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے یہ دو افراد معمول کے مطابق علاقے سے گزر رہے تھے کہ لوگوں نے بغیر تصدیق انہیں گھیر کر ان پر تشدد شروع کر دیا ، پولیس کے پہنچنے تک وہ دونوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دونوں بے گناہ افراد کے قتل پر شہر میں مظاہرے بھی کئے گئے ہیں اور ان کے مجرموں کو پکڑ نے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ مقتول افراد کی تشدد کا نشانہ بنتے ہوئے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی دیکھی گئی، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک شخص خون میں نہایا اپنی زندگی کی بھیک مانگ رہا تھا۔

بھارت میں اس سے پہلے بھی کئی ایسے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں جن میں مشتعل ہجوم بے گناہ افراد کی جان لے لیتا ہے۔بھارت میں بغیر تصدیق کیے تشدد کرنے جیسے واقعات عام ہیں۔اور ان میں سے اکثر واقعات پر کوئی کاروائی نہیں کی جاتی۔بھارت میں مسلمانوں پر بھی تشدد کے واقعات عام ہیں۔