نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور آئی جیز تعینات کرنے کی منظوری

اجلاس میں ملک میں صاف ،شفاف، غیر جانبدار اور آزادانہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے امور کا جائزہ ، الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتوں کیساتھ مشاورتی عمل پر بھی غور کیا گیا،ترجمان وزیراعظم ہائوس

بدھ 13 جون 2018 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) الیکشن سے قبل بیوروکریسی میں اعلی سطح پر تقرر و تبادلوں میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کردیا گیا اور نئی تعیناتیوں کی منظوری بھی دیدی ہے ۔ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق کابینہ کا اجلاس نگران وزیراعظم چیف جسٹس (ر)ناصر الملک کی زیر صدارت ہوا جس میں ملک میں صاف شفاف غیر جانبدار اور آزادانہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورتی عمل پر بھی غور کیا گیا اجلاس میں چاروں صوبوں مین نئے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی، کابینہ کے فیصلے کے مطابق اکبر حسین درانی پنجاب، اعظم سلیمان خان سندھ، نوید کامران بلوچ خیبر پختونخواہ اور اختر نذیر بلوچستان کے چیف سیکرٹری ہونگے جبکہ کلیم امام پنجاب امجد جاوید سندھ، محمد طاہر خیبر پختونخواہ اور محسن حسن بٹ بلوچستان کے نئے آئی جی پولیس ہونگے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل نگران وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تقرریوں پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد بیورو کریسی میں اعلی سطح پر تقرر و تبادلوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کیمطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی جگہ امجد سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے، امجد سلیمی اس وقت موٹروے پولیس سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پنجاب میں عارف نواز کی جگہ کلیم امام کو آئی جی تعینات کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں صلاح الدین محسود کا تبادلہ کرکے محمد طاہر کو نیا آئی جی تعینات کیا گیا ہے جب کہ آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کی جگہ محسن بٹ کو صوبے کا پولیس سربراہ لگایا گیا ہے۔اس کے علاوہ جودت ایاز کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا چیف کمشنر اور جان محمد کو آئی جی اسلام آباد لگایا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اعظم سلمان چیف سیکریٹری سندھ تعینات کیے گئے ہیں اور وفاقی سیکریٹری اکبردارنی کو پنجاب کا چیف سیکریٹری لگایا گیا ہے۔نوید کامران بلوچ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ہوں گے جب کہ ڈاکٹر اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔