ضلع کوہاٹ میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے بارے میں عوامی آگہی مہم کے تحت خصوصی واک کا اہتمام

بدھ 13 جون 2018 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) ضلع کوہاٹ میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے بارے میں عوامی آگہی مہم کے تحت خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا ۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی قیادت میں انسدا دہوائی فائرنگ واک میںڈسٹرکٹ خطیب مفتی شفیع اللہ، ایس پی آپریشنز جمیل اختر،ڈی ایس پی سٹی رضا محمد،انجمن تاجران کے نمائندوں ،طلباء تنظیموں،سول سوسائٹی کے ارکان،سیاسی و سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں،عمائدین شہر ،پولیس افسران اور میڈیاکے نمائندوںکے علاوہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔

چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی انسدادی مہم میں عوام کے اندر اس غیر اسلامی و غیر قانونی فعل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے بارے منعقدہ اس خصوصی واک کا آغاز پشاور چوک سے ہوا جو کوہاٹ ہنگوروڈ،کینٹ فورٹ روڈ،کے ڈی اے روڈ،یونیورسٹی روڈ اور بنوں روڈکے راستے سے ہوتا ہوا کچہری چوک پہنچی۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں ہوائی فائرنگ کے خلاف خصوصی تحریروں پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ ہوائی فائرنگ کو معاشرتی لعنت ،غیر شرعی ،جان لیوا ،غیر قانونی اور قبیح عمل قرار دیتے ہوئے اسکی مخالفت میںشدید نعرے بازی کرتے رہے ۔

اس موقع پر واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلع پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے کہا کہ عید الفطر کی چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے جامع حکمت عملی وضع کرتے ہوئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ضلع بھر میں انسداد ہوائی فائرنگ کے حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی مہم چلائی جارہی ہے جسمیں علمائے کرام،مساجد کے آئمہ،مقامی بلدیاتی نمائندے اور سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے اراکین شامل کئے گئے ہیں جبکہ تھانوں کی مقامی سطح پر پولیس عوام کی مشترکہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکل ایس ڈی پی اوز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اس بارے میں خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔ایسے عناصر کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی کے تحت مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیجا جائے تاکہ انکی عید جیل میں گزرے ۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہوائی فائرنگ ایک معاشرتی لعنت ہے جسکے ارتکاب سے انسانی زندگی کو خطرات اور عوام میں خوف وہراس کا احتمال رہتا ہے جبکہ بدقسمتی سے ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کے باعث کئی قیمتی انسانوں کی زندگی کا چراغ گل ہو چکا ہے تاہم ہوائی فائرنگ کے تدارک میں مقامی پولیس کا بھر پور ساتھ دیکر اس جان لیوا اور جاہلانہ طرز عمل کے خاتمے میں اپنا بھر پور کردر ادا کریں۔

واک سے ڈسٹرکٹ خطیب مفتی شفیع اللہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کے باعث انسانی زندگی کے ضیاع کو قتل عمد قرار دیا اور کہا کہ جان بوجھ کر بے جا ہوائی فائرنگ اللہ تعالیٰ اور اسکے رسولؐ کے نزدیک اصراف جیسے ناپسندیدہ عمل کے علاوہ قتل خطاء اور قتل عمد کے ذمرے میں بھی شامل ہے کیونکہ ہوائی فائرنگ کے غیر شرعی عمل کا ارتکاب پیسوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ بے گناہ انسان کی زندگی کے خاتمے کا بھی سبب بنتا ہے جو کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کسی صورت جائزنہیں۔