دبئی میں پاکستانیوں کی 4ہزار440ارب روپے کی جائیدادکی موجودگی تشویشناک ہے، میاں مقصود احمد

پاناما،پیراڈائز اور دبئی لیکس میں بے نقاب ہونے والوںکے خلاف بھی کارروائی کی جائے، امیر جماعت اسلامی پنجاب

بدھ جون 20:58

دبئی میں پاکستانیوں کی 4ہزار440ارب روپے کی جائیدادکی موجودگی تشویشناک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے دبئی میں پاکستانیوں کی4ہزار440ارب روپے کی جائیداد کی موجودگی کے انکشاف پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہر سال غیر قانونی طریقے سے اربوں ڈالر باہر منتقل ہورہے ہیں۔حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت کاروباری طبقہ حکومتی اقدامات پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں اس لیے وہ اپنے اثاثے اور منافع بیرون ملک منتقل کررہاہے۔

ایمنسٹی اسکیم بھی بری طرح فلا پ ہوگئی ہے۔۔کرپشن اور کرپٹ عناصر کی لوٹ مار نے ملکی بنیادوں کوہلاکرر کھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک ملک میں ہونے والی45ارب روپے کی سالانہ کرپشن کی روک تھام کے لیے عملاً اقدامات نہیں کر لیے جاتے تب تک نہ عوام کی زندگی میں خوشحالی آسکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کی منازل طے کرسکتاہے۔

(جاری ہے)

کرپشن نے ملک بھر کے تمام اداروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

نااہل اور بدعنوان افراد کو قومی اداروں میں اہم عہدوں پر تعینات کرکے میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پانامالیکس،پیراڈائزلیکس اور دبئی لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر کرپٹ اور ٹیکس چور افراد کے خلاف بھی سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ 70برسوں سے ملک وقوم کو چوروں اورلٹیروں نے لوٹنے کاکوئی موقع خالی ہاتھ نہیں جانے دیا۔

مٹھی بھر 5فیصد اشرافیہ سیاہ وسفیدکی مالک بنی بیٹھی ہے جبکہ باقی95فیصد غریب عوام کو جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے یرغمال بناکر رکھاہواہے۔ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔ماضی کے حکمرانوں کی ڈنگ ٹپائوپالیسیوں کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ2018کے انتخابات میں عوام اس ظالمانہ اور فرسودہ نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کریں اور ایسی صالح،باکردار اور محب وطن قیادت کو موقع دیں جو حقیقی معنوں میں عوام کی خیر خواہ اور مخلص ہو۔

اب وقت آگیاہے کہ ظلم کے ان سومناتوں کوزمین بوس کیا جائے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ متحدہ مجلس عمل اس ملک کے نظریے کی حقیقی نگہبان ہے۔ہمارے دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہیں۔ہم ہی عوام کے حقیقی نمائندے ہیں۔انشاء اللہ2018کے انتخابات میں ایم ایم اے ملک بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔