ویلفیئر آئی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے شہدا کے بچوں کو عید تحائف دینے کیلئے تقریب کا انعقاد

ایس ایس پی ایڈمن راناایازسلیم نے ویلفیئرآئی سوفٹ ویئر لانچ کرکے سینکڑوں شہدا کے اہلخانہ کی دعائیں حاصل کیں‘امین وینس

بدھ 13 جون 2018 21:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) لاہور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا بے مثال نذرانہ پیش کرنے والے بہادر افسران و جوانوں کے لواحقین کی خدمت کا فریضہ ویلفیئر آئی کے ذریعے بہترین انداز میں سر انجام دے رہی ہے ۔ اس سوفٹ ویئرکی پہلی سالگرہ کے موقع پر لاہور آرٹس کونسل کے الحمرا ہال نمبر 2میں ایک پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں سی سی پی اولاہورکیپٹن(ر) محمدامین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹرمعین مسعود، ایس ایس پی ایڈمن راناایازسلیم،ایس ایس پی آپریشنزمنتظرمہدی،قائم مقام سی ٹی اوآصف صدیق، تمام آپریشنزوانوسٹی گیشنزایس پیزاور شہدا کے اہلخانہ کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔

اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے آنے والے تمام بچوں کو انکے من پسند تحفوں کی عیدی دی گئی ۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمدامین وینس نے شہدا کی فیملیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے شہدا کے لواحقین ایک خاندان کی مانند ہیں جن کی بہترین ویلفیئر بحیثت سربراہ لاہور پولیس میری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ویلفیئر آئی کی ایک سالہ شاندار کارکردگی پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم کو مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ اس سوفٹ و ئیر کی بے مثال ورکنگ کے بعد لاہور پولیس نے نہ صرف آئی ٹی کے مزیدکئی قابل ذکر پراجیکٹس شروع کئے ہیں بلکہ ملک کے دیگر صوبوں کی پولیس فورسز کا اس سوفٹ وئیر کو اپنے سسٹم کا حصہ بنانا اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویلفیئر آئی سوفٹ وئیر کی بدولت شہدا کی فیملیز کے مسائل صرف ایک ایس ایم ایس پر بغیر کسی پریشانی اور تاخیر کے حل ہو جاتے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی بلا تعطل جاری رہے گا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہورپولیس کے شہدا نے اپناخون دے کراس شہرکے باسیوں کومحفوظ بنایاہے جس پر نہ صرف انہیں تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا بلکہ آنے والی نسلیں بھی انہیں سلام پیش کرتی رہیں گی اور ان غیور شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مال روڈ پر یاد گار شہدا کی تعمیر بھی مکمل کرلی گئی ہے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ ویلفیئر آئی کے ذریعے ایک برس کے دوران لاہور پولیس کے شہدا کو 78کروڑ سے زائد رقم مختلف سہولیات کی صور ت تقسیم کی گئی ہے جبکہ 85خاندانوں کے افراد کو فیملی کلیم کی بنیاد پر ملازمت دی گئی ہے ۔ اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے کہا کہ لاہور پولیس عید کے پر مسرت موقع پر اپنے کسی شہید کے لواحقین کو نہیں بھولے گی اور تقریب کے بعدپنجاب کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے لاہورپولیس شہدا کے اہلخانہ کوبھی عید کے تحائف بھجوائے جائینگے۔