لیاقت آباد فلائی اوور پر فائرنگ سے 1شخص جاں بحق

پولیس نے جاں بحق ہونیوالے شخص کواسٹریٹ کرمنل قرار دے دیا ناظم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کو لوٹنے والے دو ملزمان کو رنگے ہاتھو ں گرفتار کرلیا

بدھ 13 جون 2018 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) لیاقت آباد فلائی اوور پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔پولیس نے جاں بحق ہونیوالے شخص کواسٹریٹ کرمنل قرار دے دیا جاں بحق ہونیوالے شخص کے قریب سے اسلحہ،موبائل فونز ،پرس اور دیگر سامان برآمد ہواہے ۔پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو لیاقت آباد فلائی اوور پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی ۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے اور لاش کو اسپتال منتقل کردیا ۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے شخص کی شناخت عمران کے نام سے کی گئی جبکہ لاش کے قریب سے 2ٹی ٹی پستول ،ایک میگزین گولیاں ،تین موبائل فون ،نقدی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے کہا کہ ہلاک ہونیوالے ڈاکو کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے ۔

دوسری طرف منگل اور بدھ کی درمیانی شب ناظم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کو لوٹنے والے ملزمان صدام اور ثاقب کو رنگے ہاتھو ں گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق پولیس مددگار فائیو پر اسٹریٹ کرائم کی واردات کی اطلاع پر کارروائی کی گئی تھی ۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی ۔ادھر سائٹ تھانے کی حدود میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر 5منشیات فروش فیضان ،حضرت ،یاسین ،عمران اور قیصر کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشات برآمد کرلی ۔

پولیس نے کہا کہ منشیات فروشوں نے مزکورہ ایریا کو نو گو ایریا بنایا ہوا تھا اور عرصہ دراز سے منشیات فروخت کررہے تھے ۔پولیس نے گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔#