ہمارا سیاسی اتحاد کسی کے خلاف نہیں اپنی صفوں میں اتحاد کرنا چاہتے ہیں ،سردا ر اختر جان مینگل

بدھ 13 جون 2018 19:40

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل کے NA272 لسبیلہ،گوادر کی قومی اسمبلی کی نشست کیلئے جمع کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کردئے گئے اس موقع پر سردار اخترجان مینگل نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سیاسی اتحاد کسی کے خلاف نہیں ہم اپنی صفوں میں اتحاد کرنا چاہتے ہیں یا ہم دیکھتے ہیں جس کے ساتھ ہماری قربت رہی ہے یا آگے چل کر ہوسکتی ہے انکے ساتھ اتحاد کرینگے ہمارے خلاف سب ہیں مگر ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں، سربراہ بی این اپی نے کہا کہ لسبیلہ میں پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کیلئے باتیں چل رہی الیکشن وقت پر ہونے چاہیے آئین میں الیکشن کے موخر کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے یہاں کچھ ایسی قوتیں ہیں جو ایسا کرسکتی ہیں انہوں نے اگر چاہا تو ہوسکتا ہے مگر ہونا نہیں چاہیے انتخاب وقت پر ہونے چاہیے،ایک سوال کے جواب میں سردار اخترجان مینگل نے کہا کہ اس سال بھی صاف و شفاف الیکشن ہوتے دکھائی نہیں دیتے کیونکہ کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے وہی پرانا نظام ہے اگر پھر بھی الیکشن صاف و شفاف ہوئے بھی تو یہ ہم سب کیلے ان ہونی چیز ہوگی، انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت میں بی این پی کی خاتون رکن نے مجھے سے پہلے ہی رابطہ کیا تھا کہ انہیں نگراں سیٹ اپ کیلئے آفر آئی ہے مگر میں نے انہیں منع کیا کہ یہ ہمارے جماعت کی پالیسی کے خلاف ہوگا ہم نگراں حکومت کا حصہ نہیں بن سکتے جو صرف ڈیڑھ ماہ کی مہمان ہے لیکن وہ خاتون رکن نگراں حکومت میں شامل ہوگئیں جو پر ہم نے انہیں شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے اگر مثبت جواب نہ آیا تو انکے خلاف پارٹی آئین کے مطابق کاروائی کرینگے جہاں تک نگراں حکومت کا سوال ہے تو ابھی انہوں نے حلف اٹھایا ہے حلق تک جانے تو دیں۔