Live Updates

تحریک انصاف عید الفطر کے بعد ملک بھر میں باقاعدہ انتخابی مہم شروع کریگی

ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں جلسے کئے جائینگے ،ْ عمران خان سمیت مرکزی قیادت خطاب کریگی

بدھ 13 جون 2018 21:27

تحریک انصاف عید الفطر کے بعد ملک بھر میں باقاعدہ انتخابی مہم شروع کریگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف عید الفطر کے بعد ملک بھر میں باقاعدہ انتخابی مہم شروع کریگی ،ْ ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں جلسے کئے جائینگے جس سے عمران خان سمیت مرکزی قیادت خطاب کریگی ۔تفصیلات کیمطابق عمران خان عیدالفطر کے بعد پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں انتخابی مہم کے پروگرام کو حتمی شکل دیں گے کہ کس شہر میں کب جلسہ کرنا ہی ذرائع کے مطابق عمران خان اپنے پانچ انتخابی حلقوں کے علاوہ بڑے شہروں میں روزانہ تین سے چار بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

تحریکِ انصاف لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، شیخوپورہ اور قصور میں بڑے جلسے کرے گی۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سوگودھا، بھکر اور میانوالی میں بھی بڑے جلسے سے خطاب کرینگے ۔پشاور، بنوں، مردان، سوات، ایبٹ آباد اور نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں بھی جلسے ہوں گے۔ کراچی، حیدر آباد اور بدین کے ساتھ ساتھ کوئٹہ میں بھی جلسوں کا پلان شیڈول میں شامل ہے۔عمران خان وفاقی دارالحکومت میں بھی بڑے جلسے سے خطاب کریں گے۔ تحریکِ انصاف کا آخری انتخابی پنڈال اسلام آباد یا کراچی میں سجانے کا حتمی فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائیگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات