کوہاٹ پولیس نے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں کا سراغ لگا کر ماسٹر مائنڈ بائیک لفٹر کو گرفتار کرلیا

بدھ 13 جون 2018 21:28

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) کوہاٹ پولیس نے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں کا سراغ لگا کر ماسٹر مائنڈ بائیک لفٹر کو گرفتار کرلیاہے۔کاروائی میں چار مسروقہ موٹر سائیکلیں اور مختلف پارٹس بھی برآمد کرکے قبضے میں لئے گئے ہیں۔زیر حراست ملزم شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرکے فروخت کیلئے دیگر شہروںکو منتقل کرتا ۔

پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مسروقہ موٹر سائیکلیں کوہاٹ شہرکے مختلف علاقوں سے برآمد کرلئے ہیں ۔زیر حراست ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیاگیا ہے جس سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے شہر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام اور حساس ادارے ڈی ایس بی کو ان واقعات کی سراغ رسانی کا ٹاسک سونپ دیاجبکہ ایسی وارداتوں کے تدارک کی غرض سے سخت گیر اقدامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں مئوثر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد وقاص نے مخبر کی نشاندہی پر کوہاٹ شہر کے علاقے کالو خان بانڈہ روڈ پر اچانک کامیاب چھاپہ مارا جہاں موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوںکے ماسٹر مائنڈملزم سراج وہاب ولدرازیم گل سکنہ وراستہ ضلع ہنگو کو مسروقہ موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے زیر حراست بائیک لفٹر کو فوری طور پر تھانہ سٹی منتقل کردیا جہاں ملزم کی نشاندہی پر پولیس ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے چوری کی دیگر تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرکے قبضے میں لی ہیں۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد وقاص کے مطابق زیر حراست ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں کا اعتراف جرم کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک شہر سے موٹر سائیکل چور ی کرکے فرخت کیلئے دوسرے شہر کو منتقل کرتااور اسی طرح وہ آبائی شہر ہنگو اورکوہاٹ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی متعدد وارداتوں کا ارتکاب کرچکا ہے ۔زیرحراست بائیک لفٹرکے خلاف تھانہ سٹی میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مختلف وارداتوں کے اعتراف جرم کے بعد ملزم کو موٹر سائیکل چوری کے حوالے سے درج دیگر مقدمات میں بھی نامزد کردیا گیا ہے جس سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :