ضلع ٹھٹھہ میں 2 سے 8 جولائی تک قومی پولیو مہم میں 1 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کو کامیاب بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

بدھ جون 21:30

ٹھٹھہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ مرزا ناصر علی نے کہا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ میں 2جولائی سے 8جولائی 2018 تک آئندہ قومی پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے دو لاکھ ایک ہزار 879 بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلا کر مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ پولیو سے پاک ضلع ہے اور پولیو کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہ ہونا ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت و دیگر مختلف محکموں کی بہتر کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے امید کی کہ آئندہ بھی تمام متعلقہ محکموں کے افسران اسی طرح پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ ضلع سے اس موذی مرض کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو دربار ہال مکلی میں آئندہ قومی پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق مختلف متعلقہ محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے نونہال بچوں کی زندگیوں کو محفوظ کرنے اور اس نیک کام میں ضلع انتظامیہ ٹھٹھہ کی جانب سے محکمہ صحت ٹھٹھہ سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ صحت ٹھٹھہ کے افسران اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ قومی پولیو مہم سے قبل ایسی حکم عملی تیار کریں تاکہ مہم کے دوارن ضلع بھر میں کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔

انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ گھر گھر پولیو ٹیموں، ڈاکٹروں، مطلوبہ ادویات اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مہم کا مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی مہم کے دوران ضلع کی تمام مقامی این جی اوز، سول سوسائٹی کے نمائندوں، معززین، علماکرام باالخصوص والدین کو بھی مہم میں شامل کیا جائے تاکہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو سکے۔ انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ وہ بسوں، سوزوکیوں اور ویگنوں کو چند منٹوں کے لیے اسٹاپوں پر روکیں تاکہ ان گاڑیوں میں سفر کرنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خدا بخش میمن نے اجلاس کو بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 590 گشتی پولیو ٹیمیں، 46 فکسڈ پوائنٹس، 55 ٹرانزٹس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں علاوہ ازیں 147 ایریا انچارجز اور 55 یو سی ایم اوز بھی مقرر کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عمران الحسن، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز کے علاوہ محکمہ صحت، تعلیم،، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، پولیس،، انفارمیشن کے افسران اور پی پی ایچ آئی، مرف و دیگر مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔