سی پی این ای کے 15رکنی وفد کی نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جمیل یوسف سے ملاقات

سی پی این ای وفد نے 6نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو نگران وزیر اطلاعات کی وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی،تمام جائز معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ، جمیل یوسف کی گفتگو

بدھ 13 جون 2018 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالجبار خٹک کی قیادت میںسی پی این ای کے 15رکنی وفد نے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جمیل یوسف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ،وفد ایک گھنٹے سے زائد ان کے ہمراہ رہا اور انہیں صوبائی کابینہ میں نگراں وزیر مقرر ہونے پر مبارکباد بھی دی۔سی پی این ای کے وفد نے 6نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو کی جس میں میڈیا اور محکمہ اطلاعات کے درمیان موثر رابطوں اور تعاون پر بات چیت کی وفد نے اپنی تنظیم کے روز مرہ کے معاملات اور اخباری مدیران کی فلاح وبہبود کے حوالے سے آگاہی دی۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جمیل یوسف نے وفد کی گفتگو توجہ سے سنی اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایاکہ ان کے تمام جائز معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا کیونکہ نگراں حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی داد رسی کرنے کے لئے مینڈیٹ لیکر آئی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کے شعبے سمیت تمام محکموں میں ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے تمام معاملات کو بلاتاخیر حل کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

سی پی این ای وفد نے نگراں وزیر اطلاعات کو میٹ دی ایڈیٹر ز پروگرام میں دعوت دی۔نگران وزیر اطلاعات نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دروازے میڈیا کے لئے ہر وقت کھلے ہیں اور ہم سب مل کر تمام التواء میں پڑے ہوئے معاملات کو حل کریں گے۔اگر کوئی قانون سازی کی بھی ضرورت ہوئی تو وہ بھی کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے پہلے تمام طریقہ کار کو جدید انداز پر منتقل کرنے اور آٹومیشن کی طرف لے جانے کی ہدایات کررکھی ہیں مزید برآں سی پی این ای کے ساتھ تمام ڈویڑنل سطح پر بھی ملاقاتیں کریں گے وفد میں اکرام سہگل ،اعجاز الحق ،حامد عابدی ،عامر محمود احمد ،اقبال بلوچ، عدنان ملک ،مقصود یوسفی،غلام نبی چانڈیو ،عبدالخالق ،رحمان منگریو،ایم طاہر ،زاہدہ عباسی اور مس مونیزہ شامل تھیں۔

#

متعلقہ عنوان :