دوسرا ٹی ٹونٹی،پاکستان نے سکاٹ لینڈ کیخلاف وائٹ واش مکمل کرلیا

شعیب ملک اور باﺅلرز کی عمدہ پرفارمنس

muhammad ali محمد علی بدھ جون 23:02

دوسرا ٹی ٹونٹی،پاکستان نے سکاٹ لینڈ کیخلاف وائٹ واش مکمل کرلیا
ایڈنبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جون 2018ء) سابق ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو دوسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں 84رنز سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا ۔سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں کھیلے جارہے میچ میں 167رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سکاٹش بلے باز جارج منسی بغیر کوئی رن بنائے عثمان خان کی گیند کا شکار بنے۔

دوسرے آﺅٹ ہونے والے بیٹسمین رچی بیرنگٹن تھے جو 20 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔کائل کوئٹرزبھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور عثمان خان کی گیند پر ایک رن بناکر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ ڈائلن بج چار رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے۔میتھیو کراس 5رنز سکور کرنے کے بعد شاداب خان کی گیند پر آﺅ ٹ ہوئے ، 10رنز بنانے والے سفیان شریف کو شاداب خان نے رن آﺅٹ کیا ،میتھیو ویٹ بھی ایک رن بنا کر رن آﺅ ٹ ہوگئے،فہیم اشرف نے 25رنز پر میکلوڈ کی اننگز کا خاتمہ کیا اور پھر ایونز کی وکٹ لیکر سکاٹ لینڈ کی اننگز ختم کردی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر دوسرے میچ میں بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، احمد شہزاد اور فخر زمان نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔چھٹے اوور کے اختتام پر گرین شرٹس نے بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنالیے تھے تاہم آٹھویں اوور میں احمد شہزاد 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ اس کے اگلے ہی اوور میں فخر زمان بھی 33 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔

گزشتہ میچ میں 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے پاکستانی کپتان سرفراز احمد اس مرتبہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 14 رنز بناکر کرس سول کا شکار بنے تاہم سرفراز کی وکٹ میں باﺅلر سے زیادہ کردار سکاٹش فیلڈروں کا تھا جنہوں نے مل کر ناقابل یقین کیچ کو ممکن بنایا۔آگے آنے والے بلے باز بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

حسین طلعت 17 جب کہ آصف علی بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوگئے۔اس موقع پر شعیب ملک اور شاداب خان کے درمیان 54 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے پاکستان کو مشکل صورت حال سے نکالا۔بالخصوص شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے دوران انہوں نے پانچ چھکے بھی لگائے۔ شاداب خان نے 17 رنز بنائے۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے تین، کرس سول نے دو جبکہ مارک واٹ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔۔پاکستان نے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دی، جس میں کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست 49 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی جس پر انہیں میچ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :