مشرف کا آج وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 14 جون 2018 10:02

مشرف کا آج وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ
اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے یوٹرن لیتے ہوئے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی آج وطن واپسی کا اعلان 5 گھنٹے بعد ہی واپس لے لیا۔ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی واپسی کے ٹکٹ لینے میں مشکلات ہیں، جبکہ سابق صدر کا پاسپورٹ بھی بلاک ہے، اس لیے آج ان کی واپسی کا امکان بہت کم ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے نئی تاریخ لینے کی کوشش کریں گے۔

پاسپورٹ بحال نہ ہونے پر اگلی تاریخ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رات گئے اپنے بیان میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے کہا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں ان کی پاکستان واپسی کا امکان ہے۔ ڈاکٹر امجد نے بتایا تھا کہ پرویز مشرف کے سفر کے انتظامات مکمل کیے جارہے ہیں اور فلائٹس کا جائزہ لیا جارہا ہے، مشرف کسی بھی وقت ڈائریکٹ یا اِن ڈائرکٹ فلائٹ سے پاکستان پہنچ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کا پاسپورٹ ابھی اَن بلاک نہیں ہوا۔ اس سے قبل سابق صدر نے سپریم کورٹ کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو 14 جون کو دوپہر 2 بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دے رکھی ہے۔