مریم نوازاپنے والد کے ہمراہ لندن روانہ

امی سے ملنے اور انہیں گلے لگانے کے بے تاب ہوں ۔ مریم نواز کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات جون 12:15

مریم نوازاپنے والد کے ہمراہ لندن روانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز لندن روانہ ہو گئے ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز عید لندن میں ہی منائیں گے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم لندن کے لیے روانہ ہو رہے ہیں اور انشاءاللہ اگلے ہفتے واپس آ جائیں گے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ میں اپنی والدہ سے ملاقات کرنے اور ان کو گلے لگانے کے لیے بے تاب ہوں، اپنے پیغام میں مریم نواز نے ٹویٹر صارفین نے والدہ کی صحت کے لیے دعا کرنے کی درخواست بھی کی۔
خیال رہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز کے علاج معالجے کے باعث نوازشریف عید لندن میں ہی منائیں گے جبکہ مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ لندن روانہ ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم لندن میں اپنا قیام بڑھا بھی سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ پانامہ کیس کے بعد سے ہی نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا۔ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے اقامہ کی بنیاد پر نا اہل کیا جس کے بعد نواز شریف کو پارٹی صدارت سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔ نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف احتساب عدالت میں کیسز زیر سماعت ہیں۔

گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنماء مریم نواز نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے پرنظر ثانی کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے نے وفاقیت پرسائے طاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی سپریم کورٹ میں اہلیت پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے نے وفاقیت پرسائے طاری کر دیے ہیں۔