کاروباری برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ،مسائل کا حل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے‘انجم نثار

پاکستان ایشیا ء کی بہترین منڈیوں میں سے ایک ہے، حکومت و نجی شعبے کے درمیان اشتراک کے ذریعے اس پوٹینشل سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے

جمعرات 14 جون 2018 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر صنعت و پیداوار میاں انجم نثار نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، نائب صدر ذیشان خلیل، سابق صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کہا ہے کہ کاروباری برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کے مسائل کا حل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیا ء کی بہترین منڈیوں میں سے ایک ہے، حکومت و نجی شعبے کے درمیان اشتراک کے ذریعے اس پوٹینشل سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، ملک کی معیشت کا ساٹھ فیصد پنجاب سے وابستہ ہے ، برآمدات و غیرملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی پنجاب بہت اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی تجاویز و آراء بہت اہمیت کی حامل ہیں، یہ اہم سٹیک ہولڈرز ہیں جنہیں کاروبار سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پنجاب کی کاروباری برادری کا کردار بہت اہم اور ان کے مسائل کا حل ضروری ہے۔ ملک کے جی ڈی پی، روزگار اور محاصل کی فراہمی میں پنجاب کا حصہ نمایاں ہے، پنجاب کے لارج اور سمال مینوفیکچرنگ یونٹس، کان کنی اور تعمیرات کے شعبے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بہترین کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیکر ایک ایسا بہترین ماحول تشکیل دیا جاسکتا ہے جو کاروباروں کو پائیدار بنیادوں پر تیزی سے ترقی دے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار کا صوبائی وزیر بننا تاجر برادری کے لیے فخر کی بات اور پنجاب حکومت کا دانشمندانہ فیصلہ ہے۔