الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج تعینات کر نے کا فیصلہ

زار کے قریب حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے ,بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرائی جائے گی ،فوج کی طرف سے پرنٹنگ پریسزپر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن کے سیکیو رٹی سے متعلق اجلاس میں فیصلہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لئے ضابطہ اخلاق بنایا جائے گا اور وہ اس پر عمل کر نے کے پابند ہوں گے ، الیکشن کمیشن آئندہ نیکٹا کے ساتھ بھی کوآرڈینیشن کرے گا، سیاسی لیڈروں کی سیکیورٹی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہو گی ، تر جمان الیکشن کمیشن

جمعرات 14 جون 2018 14:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018کے لئے تما م پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج تعینات کر نے کا فیصلہ کر لیا،20 ہزار کے قریب حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے ,بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرائی جائے گی ،فوج کی طرف سے پرنٹنگ پریسوں پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے ۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لئے ضابطہ اخلاق بنایا جائے گا اور وہ اس کو فالو کر نے کے پابند ہوں گے ، الیکشن کمیشن آئندہ نیکٹا کے ساتھ بھی کوآرڈینیشن کرے گا، سیاسی لیڈروں کی سیکیورٹی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہو گی ۔جمعرات کو الیکشن کمیشن میں عام انتخابات 2018 کے لئے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم اجلاس ہو ا، جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے کی، اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، آئی جی پیز‘ سیکرٹری دفاع اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے شرکت کی ، اجلاس میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیاگیا جب کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی فوج کی زیر نگرانی ہوگی۔

(جاری ہے)

فوج سیکیورٹی پرنٹنگ پریس، پرنٹنگ کارپوریشن اور پوسٹل فاؤنڈیشن پرنٹنگ پریس پر تعینات ہو گی۔اجلاس کے دوران صوبائی الیکشن کمشنرز نے پولنگ اسٹیشنز کے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کی ،اجلاس کے بعد ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں الیکشن 2018کے سیکیورٹی کے معاملات کو دیکھا گیا ، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی طرف سے بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں الیکشن 2013کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے مسائل کو ڈسکس کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جتنے بھی 20ہزار کے قریب حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اور متعلقہ صوبائی حکومتیں یہ کیمرے لگانے کی پابند ہیں انہوں نے کہا کہ فوج کی طرف سے پرنٹنگ پریسوں پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے ، تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہرفوج کی طرف سے سیکیورٹی مہیا کی جائے گی ، سیکیورٹی اہلکاروں کے لئے ضابطہ اخلاق بنایا جائے گا اور وہ اس کو فالو کر نے کے پابند ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ آئندہ نیکٹا کے ساتھ بھی کوآرڈینیشن کریں گے ، پریزائنڈنگ افسران کی ٹریننگ عید کے بعد شروع ہو رہی ہے ، سیاسی لیڈروں کی سیکیورٹی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہو گی جبکہ کوڈ آف کنڈکٹ کے نفاذ کی بھی ذمہ داری صوبائی حکومتیں کریں گی۔