دُبئی:بیگ چھیننے کے جُرم میں پاکستانی کو قید کی سزا

ایک سال قید بھُگتنے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 جون 2018 14:35

دُبئی:بیگ چھیننے کے جُرم میں پاکستانی کو قید کی سزا
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جُون 2018ء) دُبئی میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم پاکستانی سیلز مین کو راہ چلتی چینی خاتون کا بیگ چھیننے کی کوشش مہنگی پڑ گئی۔ مقامی عدالت کی جانب سے ایک سال قید کی سزا سُنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق فروری 2017ء کے ایک دِن 27 سالہ خاتون جس کی قومیت چینی ظاہر کی گئی ہے‘ اپنے دفتر سے نکل کر گھر کو جا رہی تھی۔ سڑک پر چلتے ہوئے اُسے محسوس ہوا کہ کوئی شخص اُس کا بیگ کھینچ رہا ہے۔

تو اُس نے مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیگ کو زیادہ مضبوطی سے پکڑ لیا۔ جس پر بیگ چھیننے کی کوشش کرنے والے بندے نے اسے اور زیادہ طاقت سے اپنی طرف کھینچا۔ جس پر چینی خاتون زمین پر جا گِری اور اُس کا کندھا زخمی ہو گیا۔ جبکہ ملزم بیگ لے موقع سے فرار ہو گیا۔ خاتون نے اس واقعے کے بارے میں پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی۔

(جاری ہے)

پولیس نے کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے ملزم کو شناخت کر لیا جو کہ ایک ستائیس سالہ پاکستانی تھا اور متحدہ عرب امارات میں بطور سیلز مین کام کر رہا تھا۔

دُبئی کی عدالت نے ملزم کو چینی خاتون پر حملہ آور ہونے‘ اُسے زخمی کرنے اور اُس کے بیگ میں سے قیمتی سامان اور سینتیس سو اماراتی درہم چُرانے کے جُرم میں ایک سال قید کی سزا سُنائی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف ملزم نے اپیل کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی کہ اُس کی سزا میں کمی کی جائے۔ تاہم پریزائیڈنگ جج سعید سالم بِن صارم نے ملزم کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اُس کی ایک سال قید کی سزا کو برقرار رکھنے کا حُکم سُنایا ہے۔

ملزم کو سزا پُوری کرنے کے فوراً بعد دُبئی سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ اس واردات کے حوالے سے چینی خاتون نے جو ایک دفتر میں سیکرٹری کا کام کرتی ہے‘ عدالت میں بیان دیا تھا کہ ملزم اُس کا پیچھا کر رہا تھا۔ اچانک ملزم نے اُس کا بیگ چھیننے کی کوشش کی۔ جسے اُس نے مضبوطی سے پکڑ لیا۔ جس پر ملزم نے اور زیادہ مضبوطی سے بیگ کو اپنی طرف کھینچا۔ جس کے نتیجے میں خاتون زمین پر گر کر زخمی ہو گئی۔ اور ملزم اس کا بیگ چھین کر فرار ہو گیا جس میں رقم کے علاوہ‘ فون ‘ دو سم کارڈ‘ ڈرائیونگ لائسنس اور انشورنس کارڈ موجود تھا۔