شعیب ملک نے ویرات کوہلی کا بڑا ریکارڈ توڑ ڈالا‘

ایشیا ء میں زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ‘پاکستانی آل رائونڈر اب تک 98مقابلوں میں 31.07کی اوسط سے 1989رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 7نصف سنچریاں بھی شامل ہیں

جمعرات 14 جون 2018 15:15

ایڈنبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر ترین بلے باز شعیب ملک نے سکاٹ لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی مقابلے کے دوران بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ شعیب ملک نے گزشتہ روز کھیلے گئے مقابلے میں محض22گیندوں پر 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کے ساتھ ہی وہ ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ، ویرات کوہلی نے 57میچز میں 1983رنز سکور کررکھے ہیں جب کہ پاکستانی آل رآنڈر اب تک 98مقابلوں میں 31.07کی اوسط سے 1989رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 7نصف سنچریاں بھی شامل ہیں،شعیب ملک اب سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز سکور کرنے والے ایشیائی بلے باز بھی بن گئے ہیں ، اس فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل 2271رنز کے ساتھ پہلے اور سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم2140رنز کے ساتھ دوسر ے نمبر پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے جس کے جواب میں سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 82 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ میچ میں شعیب ملک نے دھواں اننگز کھیلی تھی اور محض 22 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔