صدر آزاد کشمیر سردار مسعود سے مسلم لیگ (ن) ضلع نیلم کی صدر محترمہ عظمیٰ شیریں ایڈووکیٹ کی ملاقات

شاردہ میں آتشزدگی سے جلنے والی 45سے زائد دکانوں‘ گیسٹ ہائوس کے نقصانات کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا

جمعرات 14 جون 2018 16:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے آج ایوان صدر میں مسلم لیگ (ن) ضلع نیلم کی صدر محترمہ عظمیٰ شیریں ایڈووکیٹ نے بھی ملاقات کی اور انہیں حالیہ دنوں شاردہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں جلنے والی 45سے زائد دکانیں، گیسٹ ہائوس کے نقصانات کے بارے میں تفصیلاًبتایا ۔ صدرنے اس موقع پر شاردہ آتشزدگی پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا دل نیلم کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے اور انشاء اللہ متاثرین شاردہ کے نقصانات کا ضرور اذالہ ہو گا اور حکومت آزاد کشمیر اس واقعہ کی تحقیق کروانے کے ساتھ ساتھ متاثرین کو معاوضہ جات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائے گی۔

محترمہ شیریں نے صدر گرامی کو مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے طلباء و طالبات کی میڈیکل کالجوں اور انجنیئرنگ یونیورسٹیز میںتعلیمی اخراجات میں مدد کئے جانے کے لئے ایک فنڈ قائم کئے جانے کی بھی درخواست کی ۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر یونیورسٹی کے نیلم سب کیمپس کو ایک بہترین کیمپس بنانے کے لئے اور اس کے ضروری انفراسٹکچر کو یقینی بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

صدرنے نیلم کے لوگوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کنٹرول لائن کے اُس جانب سے بھارتی جارحیت کا بڑی دلیری اور جرات کے ساتھ مقابلہ کیا۔صدر نے محترمہ شیرین کی طرف سے کشمیری طلباء و طالبات کے حوالے سے اورPakistani foreign missionمیں کشمیری Desk قائم کرنے کے مشن کو سراہا اور کہا کہ وہ اس پر ضرور مثبت غور کریں گے۔