Live Updates

مہاجرین جموں و کشمیر پاکستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کراکے اس امر کو یقینی بنائیں کہ اب مودی نواز سازشیں کامیاب نہیں ہوسکیںگی‘کیونکہ انڈیا، اسرائیل اور امریکہ جو سازشیں کر رہے ہیں عمران خان ہی ہیں جو ان مشکلات سے پاکستان کو نکال سکتے ہیں ‘اب وقت آگیا ہے کہ ان سازشوں کا مقابلہ کیا جائے

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا افطار ڈنر سے خطاب

جمعرات 14 جون 2018 16:08

ڈسکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مہاجرین جموں و کشمیر پاکستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کراکے اس امر کو یقینی بنائیں کہ اب مودی نواز سازشیں کامیاب نہیں ہوسکیںگی۔کیونکہ انڈیا، اسرائیل اور امریکہ جو سازشیں کر رہے ہیں عمران خان ہی ہیں جو ان مشکلات سے پاکستان کو نکال سکتے ہیں اوراب وقت آگیا ہے کہ ان سازشوں کا مقابلہ کیا جائے۔

اگرچہ پاکستان کی عسکری قیادت بڑی حکمت عملی سے ان سازشوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔ جبکہ 25 جولائی کے انتخابات میں عمران خان وزیر اعظم بن کر ان درپیش چیلنجز سے ملک کو نکالیں گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں ڈسکہ میں سابق ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری مقبول احمدکے والد کی برسی کے موقع پر افطار ڈنر کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری مقبول احمد،پی ٹی آئی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی بیرسٹر منصور، صوبائی اسمبلی کے لئے امیدوار امجد باجوہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کیا ہے انکی یہاں ڈسکہ میں انتخابی مہم میں آمد سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بڑی تقویت ملے گی۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ پوری ذمہ داری سے اپنا ووٹ کا حق استعمال کریں چاہے دھوپ ہو یا گرمی،یا بارش پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کے لئے میدان عمل میں نکل پڑیں اور مودی نواز گٹھ جوڑ کو شکست سے دو چار کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات